ملتان‘ پارٹی کارکنوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، اعجاز جنجوعہ

بدھ 27 جون 2018 23:25

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی اعلی قیادت کی جانب سے مبینہ طور پر ٹکٹوں کی غیرمنصفانہ تقسیم کیخلاف پارٹی کے ضلعی صدر اعجاز جنجوعہ نے احتجاج کا علم بلند کردیا، یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی کا دیرینہ کارکن اور عہدیدار ہونے کے ناطے پارٹی ٹکٹ پی پی 216 پر میرا حق ہے جسے نظرانداز کرکے ندیم قریشی کوفوقیت دی گئی، انہوں نے کہاکہ میں نے اس سلسلے میں ایک انتظامی کمیٹی بنائی ہے کیونکہ پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی صبح شام ہمیں چکر دے رہے ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ شاہ محمود قریشی کارکنوں کونظرانداز کرکے صرف اپنا گروپ بنانا چاہ رہے ہیں اور یوں پوری پارٹی کوبائی پاس کررہے ہیں، انہوں نے مزید کہاکہ وہ اس حوالے سے بہت جلد لائحہ عمل کااعلان کریںگے۔