سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت (کل) ہو گی

جمعرات 28 جون 2018 22:56

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2018ء) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت (کل) جمعہ 29جون کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں ہو گی ۔ راولپنڈی کے شہری نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں توہین عدالت کی درخواست دائرکی ہے جس کی سماعت آج (جمعہ کو )لاہور ہائی کورٹ راولپندی بنچ کے جسٹس طارق عباسی کریں گے ۔

ملک ریاض انجم نامی شہری نے فاروق اعوان ایڈووکیٹ کے ذریعے دائردرخواست میں شاہد خاقان عباسی چیئرمین پیمرااور سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس عباد الرحمان لودھی پر مشتمل خصوصی الیکشن ٹریبونل نے 27جون کوسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف انتخابی عذرداری میں انہیں آرٹیکل 62(1)Fکے تحت تاحیات نااہل قرار دیا جس کے رد عمل میں شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں معززجسٹس عباد الرحمان لودھی کے خلاف توہین آمیزاور ماورائے آئین زبان استعمال کی ۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ یا کسی بھی معزز جج کے خلاف توہین آمیز زبان کا استعمال آئین کے آرٹیکل204اور توہین عدالت آرڈی نینس 2003کے تحت قابل گرفت اقدام ہے۔