چکوال،پی ٹی آئی نامزد امیدواروں سردار غلام عباس اور سردار آفتاب اکبر نے

نااہلی کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں اپیل کر دی

جمعرات 28 جون 2018 23:41

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2018ء) پی ٹی آئی کی طرف سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لیے نامزد امیدواروں سردار غلام عباس اور سردار آفتاب اکبر نے نااہلی کے فیصلے کے خلاف الیکشن ٹربیونل لاہور ہائی کورٹ لاہور بینچ میں اپیل کر دی ،جس پر ابتدائی سماعت آج بروز جمعہ 12بجے مقرر کی گئی ہے۔جس کے بعد فیصلہ ہو گا کہ سردار غلام عباس کی طرف سے دائر کی جانے والی رٹ منظور ہوتی ہے یا مسترد کر دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اگر رٹ منظور ہوتی ہے تو سردار غلام عباس الیکشن لڑ سکیں گے اگر مسترد کر دی جاتی ہے تو سردار غلام عباس پھر نااہل ہی رہیں گے ۔الیکشن ٹربیونل لاہور ہائی کورٹ لاہور بینچ مسٹر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا پر مشتمل ہے ۔دریں اثناء سردار غلام عباس کی طرف سے معروف قانون دان احسن بھون نے اپیل کے حتمی فیصلے تک راولپنڈی بینچ کا نااہلی کا فیصلہ معطل کرنے اور حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا کی مگر عدالت عالیہ نے اتفاق نہ کیا اور ابتدائی بحث کے لیے آج بروز جمعہ کا دن مقرر کردیا۔اگر عدالت مطمئن نہیں ہوتی تو بغیر نوٹس کے درج بالا اپیل خارج کی جا سکتی ہے۔