زرگر آباد میں متعدد شخصیات کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان

خادم علی خان یوسفزئی اور ملک ندیم کی جانب سے شمولیت پرعمائدین کو مبارکباد

پیر 2 جولائی 2018 19:57

ْپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2018ء) پشاور کے مہمند خوگہ خیل قبائل کے عمائدین ملک عبدالقادر ، ملک جہانگیر، ملک اسم خان ، ملک نور دوس، ملک محمد حسین، ملک محمد حمزاللہ،یارخان ، مرزا گل اور ریدی گل سمیت متعدد شخصیات نے پی کے 78 زرگرآباد میں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کااعلان کیا اورپی کے 78 سے پارٹی کے امیدوارخادم علی خان یوسفزئی اور این اے 31 سے ملک ندیم کے ساتھ شمولیت اختیار کی۔

اس موقع پر منعقدہ شمولیتی تقریب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اورپی کے 78 سے امیدوار خادم علی خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)پر عوامی اعتماد اس بات کاثبوت ہے کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) ایک دفعہ پھر کامیاب ہوگی اور ملکی ترقی وخوشحالی کا سفر جاری رکھاجائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ کی حکومت میں نہ صرف توانائی بحران پرقابو پالیاگیاتھا بلکہ ملک میں امن واستحکام بھی بحال ہواتھا اور ملک کوترقی کی راہ پرگامزن کیاگیاتھا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ترقی وخوشحالی کا سفر جاری رکھاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے صوبائی دارالحکومت پشاور کاحلیہ ہی بگھاڑدیاہے اور پشاور شہر کھنڈرات کا منظر پیش کررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی کے دعویداروں نے عوام کومایوس کیاہے اور انتخابات میں ووٹ کے ذریعے ان سے انتقام لے گی۔

انہوں نے اس موقع پر پارٹی میں شمولیت پر خوگہ خیل قبائل کے عمائدین اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد بھی دی ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے پشاور کے مہمند خوگہ خیل قبائل کے عمائدین اور ان کے ساتھیوں نے واضح کیا کہ انہوں نے خوشحال پاکستان، امن واستحکام اور توانائی بحران سمیت ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے متاثرہوکر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی ہے اور آئندہ انتخابات میں پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے۔