بھوت سروے مقبولیت کا پیمانہ ہرگز نہیں، جی ٹی روڈ سے آگے بھی بڑی دنیا ہے، ایسے بھوت سروے ماضی میں بھی ہوئے جن کی آڑ میں انتخابات کے نتائج چوری ہوتے رہے مگر 2018ء کے انتخابات میں اس طرح کی کوئی واردات ہونے نہیں دی جائے گی،پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری کا کا رکنو ں سے گفتگو میں اظہار خیال

بدھ 4 جولائی 2018 19:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ بھوت سروے مقبولیت کا پیمانہ ہرگز نہیں۔ جی ٹی روڈ سے آگے بھی بڑی دنیا ہے۔ ایسے بھوت سروے ماضی میں بھی ہوئے جن کی آڑ میں انتخابات کے نتائج چوری ہوتے رہے مگر 2018ء کے انتخابات میں اس طرح کی کوئی واردات ہونے نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

سنٹرل سیکریٹریٹ میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیر بخاری نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ کان اور آنکھیں کھلی رکھیں اور سیاسی نوسر بازوں پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اجرتی سروے میں دو پارٹیوں کو خوش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی واحد پارٹی ہے جو اپنے منشور کے ساتھ انتخابی میدان میں ہے اور انشااللہ پاکستان پیپلزپارٹی چاروں صوبوں میں شاندار فتح حاصل کرے گی۔