مسلم لیگ ن کی حکومت نے الیکشن سے قبل کیے گئے تمام اعلانات اور وعدوں پر 100فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا ہے، تمام اضلاع میں بلاتفریق تعمیر و ترقی کے میگا منصوبے جاری ہیں، مفاد عامہ کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، جاری بجلی کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں ،وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی وفود سے گفتگو

بدھ 4 جولائی 2018 23:01

مسلم لیگ ن کی حکومت نے الیکشن سے قبل کیے گئے تمام اعلانات اور وعدوں ..
گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جولائی2018ء) وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے گلگت بلتستان کے تعمیر وترقی کیلئے انقلابی اقدامات کئے ،تمام اضلاع میں بلاتفریق تعمیر و ترقی کے میگا منصوبے جاری ہیں، مفاد عامہ کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، الیکشن سے قبل کئے گئے تمام اعلانات اور وعدوں پر 100فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا ہے، نئے اضلاع کا قیام، گلگت سکردو روڈ، بلتستان یونیورسٹی اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جسے تمام اضلاع میں بتدریج وسعت دی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں، حکومتی اقدامات اور اداروں میں کئے جانیوالے اصلاحات کی وجہ سے اداروں کی کارکردگی میں واضح بہتری آئی ہے،تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہورہے ہیں،صوبائی حکومت کی بہتر پالیسی اور اداروں میں کئے جانے والے اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، گلگت بلتستان کا ترقیاتی بجٹ 100فیصد استعمال ہورہاہے، گزشتہ سال بجٹ کا100فیصد استعمال یقینی بنایا گیا تھا جس پر مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کا ترقیاتی بجٹ 8ارب سے بڑھا15ارب کردیا تھا، اداروں کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے اس سال بھی ترقیاتی بجٹ کا 100فیصد استعمال یقینی بنایا گیا، گلگت بلتستان تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے، ترقیافتہ گلگت بلتستان کے خواب کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے کوشاں ہیں،صوبے میں جاری بجلی کے منصوبوں کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں نئے بجلی کے منصوبے بھی شروع کئے گئے ہیں تاکہ گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع کے عوام کو سردیوں میں درپیش بجلی بحران کا خاتمہ کیا جاسکے،پہلی مرتبہ گلگت بلتستان میں میگا منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے جس کی وجہ سے این ایل سی ، ایف ڈبلیو او سمیت بڑے ادارے گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈر میں حصہ لے رہے ہیں۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا گیا ہے، منصوبوں کے معیار اور رفتار کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں،ایفاد پروجیکٹ گلگت بلتستان کے زرعی شعبے میں ایک انقلاب ثابت ہوگا ۔ پہلی مرتبہ حکومت بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنارہی ہے بنجر زمینوں تک آبپاشی کیلئے پانی کی فراہمی ، مارکیٹ تک رسائی کیلئے سڑکوں کی تعمیر کررہی ہے اور قابل کاشت بناکر بنجر زمینوں کو عوام میں تقسیم کیا جارہاہے۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ استور ویلی روڈکا پہلا فیز اسی سال دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ استور روڈ پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے اور متعلقہ محکمے سے بریفنگ لی ہے۔ استور روڈ کا پہلا فیز مکمل ہوتے ہی فیزII کا ٹینڈر کیا جاے گا، استور ویلی روڈ کی تعمیر سے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر ہونگے،بڑی تعداد میں سیاح گلگت بلتستان کا رخ کررہے ہیں ۔

سیاحوں کو بہتر سہولیات کیلئے صوبائی حکومت کے احکامات پر تمام اضلاع میں انفارمیشن سنٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔اس کے اعلاوہ سیاحوں کی مزید آسائش کیلئے ہوٹل ایپ متعارف کرارہے ہیںجس سے گلگت بلتستان کے تمام ہوٹلوں کے معلومات اور گلگت بلتستان کے تمام سیاحتی مقامات کے حوالے سے معلومات یکجا کی جاسکیں۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کے حقوق کیلئے صوبائی حکومت موثر اور سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے ،گلگت بلتستان میں جلد ویمن یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

حکومت خواتین کو جائز کاروبار کیلئے وزیر اعلیٰ بلاسود قرضوں کے سکیم تحت بلاسود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے مختصر مدت میں گلگت بلتستان کو ترقی کی راہ میں گامزن کر دیا ہے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں ترقیاتی پراجیکٹس چل رہے ہیں ۔