Live Updates

اداکارہ نور اور خاور مانیکا کی شادی کی خبریں

سچ کیا ہے۔۔۔ اداکارہ نورنے بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 7 جولائی 2018 11:11

اداکارہ نور اور خاور مانیکا کی شادی کی خبریں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جولائی 2018ء) : پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی تیسری اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کی اداکارہ نور بخاری سے شادی کی افواہیں گردش کیں جنہوں نے اداکارہ نور بخاری کو سخت پریشان کیا۔ نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے نور بخاری پھٹ پڑیں اور ان افواہوں کی تردید کر دی۔ اداکارہ نور بخاری نے کہا کہ ایسی خبریں فضول اوربے سروپا پروپیگنڈہ ہیں۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں اداکارہ نوربخاری کا کہنا تھا کہ ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ میرے حوالے سے پہلے بھی بہت سی افواہیں گردش کرتی رہی ہیں ، پورے پاکستان کی ٹینشن ایک طرف اورمیری شادی کی ٹینشن ایک طرف ہے۔ سب کو میری شادی کی فکرلاحق ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں جب شادی کرنا چاہوں گی ان صاحب سے ضرور مشورہ کروں گی جومیرے حوالے سے ایسی اوٹ پٹانگ خبریں پھیلا رہے ہیں کہ کوئی رشتہ ہے توبتائیں لیکن اپنے دادا کی عمر کا نہیں بلکہ بیٹے کی عمرکا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آپ کم از کم میری کلاس تو دیکھیں۔ میں اپنی زندگی میں بہت پرسکون ہوں الحمدﷲ اور ہمیشہ پُرسکون ہی رہنا چاہتی ہوں۔ خاور مانیکا کے ساتھ شادی کے متعلق افواہ پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نوربخاری نے ازراہ مذاق کہا کہ اگر سب کو میری شادی کی فکر ہے اور شادی کروانی ہی ہے تو عمران خان سے کروادیتے ۔ خیال رہے کہ ان دنوں سوشل میڈیا پر نور بخاری کی شادی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق خاوند خاور مانیکا کے ساتھ کروائی جانے کی خبریں گردش کررہی ہیں جن کی نور بخاری نے تردید کر دی ہے۔

گذشتہ روز موصول ہونے والی خبروں کے مطابق رمضان المبارک کے مہینے میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے تھے۔جہاں بشریٰ بی بی کی ملاقات اداکارہ نور سے ہوئی جس کی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کرنے لگ گئی تھیں کہ شاید بشریٰ بی بی اداکارہ نور بخاری اور عمران خان کے سیکرٹری عون چوہدری کی دوبارہ سے شادی کروانا چاہتی ہیں۔

تاہم قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اداکارہ نور کی شادی عون چوہدری سے نہیں بلکہ اپنے سابق شوہر خاور مانیکا سے کروانا چاہتی ہیں۔ یہ افواہ اُڑنا تھی کہ سوشل میڈیا پر یہ افواہ جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس پر اداکارہ نور بخاری نے برہمی کا اظہار کیا اور ان افواہوں کی تردید کر دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات