روہت شرما ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں تین سنچریاں بنانے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے، 2 ہزار رنز مکمل کر کے بھارت کے دوسرے اور دنیا کے پانچویں بلے باز کا اعزاز بھی پا لیا

اتوار 8 جولائی 2018 22:10

برسٹول۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2018ء) بھارتی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز روہت شرما نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں کیریئر کی تیسری سنچری داغ دی، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے 2 ہزار رنز کا ہندسہ بھی عبور کر لیا، وہ 2 ہزار رنز مکمل کرنے والے بھارت کے دوسرے اور دنیا کے پانچویں کھلاڑی ہیں، انہوں نے اتوار کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میچ میں 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر یہ اعزاز پایا، اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کولن منرو کو بھی تین سنچریاں بنانے کا عالمی اعزاز حاصل ہے، روہت شرما سے قبل مارٹن گپٹل، برینڈن میک کولم، شعیب ملک اور ویرات کوہلی بھی 2 ہزار ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل رنز کے ہندسے کو عبور کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

مارٹن گپٹل 2271 رنز بنا کر سرفہرست ہیں، برینڈن میک کولم 2140 رنز بنا کر دوسرے، شعیب ملک 2121 رنز بنا کر تیسرے، کوہلی 2102 رنز بنا کر چوتھے اور روہت شرما 2086 رنز بنا کر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔