تمام گستاخانہ ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کی جائے ،ْچیئرمین سینیٹ کی ہدایت

جمعرات 12 جولائی 2018 20:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) سینیٹ میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلیم کی ناموس سے متعلق انٹرنیٹ پر ہتک آمیز مواد کی اشاعت کے خلاف تحریک التوا پیش کردی گئی۔ جمعرات کو بیرسٹر محمد علی سیف کی جانب سے پیش کی جانے والی تحریک التوا میں بتایا گیا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ناموس سے متعلق انٹرنیٹ پر ہتک آمیز مواد کی اشاعت مسلسل جاری ہے ،ْ کچھ ویب سائٹس پر اس مواد کی اشاعت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر محمد علی سیف نے اجلاس کے دوران کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین آمیز مواد کی تشہیر کے خلاف ایکشن لیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹس اور فیس بک پر بھی توہین آمیز مواد اپ لوڈ کیا جاتا ہے جبکہ اس سے اور اس مواد پر آنے والے کمنٹس سے دل آزاری ہوتی ہے جس پر ایوانِ بالا نے پاکستان میں ایسی تمام ویب سائٹس کو بلاک کرنے کی ہدایات جاری کردیں، جو گستاخانہ مواد کی اشاعت کرتی ہیں۔علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) کو توہین آمیز مواد روکنے کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام گستاخانہ ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کی جائے۔