Live Updates

مشیراطلاعات خیبرپختونخوا کا مریم نواز پر صوبے کا ایک اور منصوبہ کاپی کرنے کا دعویٰ

عوامی مفاد کے لیے راج کماری خیبر پختونخوا کی طرح صحت کارڈ بھی کاپی کرکے دکھائیں۔ بیرسٹر سیف کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 12 مئی 2024 10:50

مشیراطلاعات خیبرپختونخوا کا مریم نواز پر صوبے کا ایک اور منصوبہ کاپی ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی 2024ء ) مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر صوبے کے ایک اور منصوبے کی کاپی کرنے کا دعویٰ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ کاپی کیٹ مریم نواز نے صوبے کے ایک اور منصوبے کی کامیابی سے کاپی کرلی، عوامی مفاد کے لیے راج کماری خیبر پختونخوا کی طرح صحت کارڈ بھی کاپی کرکے دکھائیں۔

اپنے ایک بیان میں مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ کاپی کیٹ نے حاملہ خواتین کو ہسپتال پہنچانے کے لئے ایمبولینس سروس شروع کی، یہ سروس گزشتہ کئی سالوں سے خیبر پختونخوا میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے، ریسکیو 1122 کو یہ ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں، جس کے دورس نتائج سامنے آرہے ہیں، ڈیلیوری کے لیے سپیشل کٹ سے لیس ایمبولینس پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھا رہی ہے جہاں صرف ایک کال پر حاملہ خواتین کو منٹوں میں ہسپتال پہنچایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نااہل جعلی حکومت نے کسانوں کو 300 ارب روپے کا نقصان پہنچایا، وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے گندم کی کٹائی کا افتتاح تو کیا لیکن کسانوں کے مسائل کا ادراک نہیں، وہ اب کسانوں کی طرف دیکھتی بھی نہیں،پنجاب میں کسان سلاخوں کے پیچھے ہیں، گندم بحران کے ذمے داران پنجاب اور اسلام آباد میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں، کسانوں کو احتجاج کے آئینی حق سے بھی محروم کیا جا رہا ہے، گوالمنڈی کی راج کماری کو کسانوں کے مسائل کا ادراک نہیں، فارم 47 والوں نے تو ٹک ٹاک کے لئے گندم کی کٹائی کا افتتاح کیا لیکن پھر مڑ کر بھی کسانوں کی طرف نہیں دیکھا۔

مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ راج کماری فسطائیت کی انتہا پر پہنچ گئی ہے، ایک طرف کسان رل رہے ہیں جبکہ دوسری طرف وزیراعلی پنجاب پولیس وردی میں ملبوس ہو کر مزے لے رہی ہے، فارم 47 والوں کو کسانوں کے مسائل کا قطعی ادراک نہیں، پنجاب میں گندم کی سرکاری خریداری نہ ہونے پر کسان پریشان ہیں، سڑکوں پر گندم کے ڈھیر لگے ہیں لیکن حکومت خریدنے کے وعدوں سے مکر گئی، پنجاب میں کسانوں کی تباہی پر حکومت سیاست کر رہی ہے، پنجاب میں کسان رل گئے اور گوالمنڈی کی راج کماری تندوروں کے دورے کر رہی ہیں، تندوروں کے دوروں کے بہانے وہ گول گول روٹیاں بنانا تو سیکھ جائیں گی، پنجاب میں کسانوں کیلئے جعلی وزیر اعلیٰ کے دعوے بھی جعلی ثابت ہوگئے، ویڈیوز کے بجائے گوالمنڈی کی راج کماری جنوبی پنجاب کے کسانوں پر توجہ دیں، مینڈیٹ چور خاندان جعلی حکومت میں اپنی خواہشات پوری کر رہا ہے، کسان پریشان ہیں لیکن حکومت کی ساری توجہ ٹک ٹاک بنانے پر ہے۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات