Live Updates

پی ٹی آئی کا چیئرمین بنائے جانے کی خبروں پر سابق صدر عارف علوی کا مؤقف آگیا

میں پاکستان کے عوام کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں کیوں کہ چوری شدہ مینڈیٹ کے ساتھ ساتھ ایک جھوٹا، جذباتی اور غیر معقول منظرنامہ ہم پر مسلط کیا گیا ہے۔ سابق صدر مملکت کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 12 مئی 2024 11:29

پی ٹی آئی کا چیئرمین بنائے جانے کی خبروں پر سابق صدر عارف علوی کا مؤقف ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے پارٹی کا چیئرمین نامزد کرنے کی افواہوں پرسابق صدر عارف علوی نے وضاحت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے، غیر ضروری قیاس آرائیاں ہیں کہ بانی پی ٹی آئی مجھے پارٹی کا چیئرمین مقرر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، میرے قائد کی طرف سے ایسا کوئی تصور نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی ان سے ملاقات میں اس پر بات ہوئی، یہ قیاس آرائیاں ایسی پارٹی میں الجھن پیدا کرتی ہیں جس کی قیادت غلط اور ناانصافی سے قید ہے لیکن ہزاروں گرفتاریوں، جبر، بربریت اور تشدد کے باوجود پی ٹی آئی متحرک ہے۔

سابق صدر پاکستان کا مزید کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرخان پارٹی کی بہت اچھی قیادت کر رہے ہیں، پارلیمنٹ میں بھی موجود ہیں، میں پاکستان کے عوام کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں کیوں کہ چوری شدہ مینڈیٹ کے ساتھ ساتھ ایک جھوٹا، جذباتی اور غیر معقول منظرنامہ ہم پر مسلط کیا گیا ہے، تفرقہ انگیز اور نفرت انگیز بیانیے پھیلائے جا رہے ہیں، بحیثیت قوم ہمیں اپنی جدوجہد میں متحد رہنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ڈاکٹر عارف علوی یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ الیکشن میں مداخلت میں پوری فوج کا نہیں کچھ لوگوں کا ہاتھ ہے، 9 مئی واقعات پرمعافی ان کو مانگنی چاہیے جو ظلم کی بنیاد بن رہے ہیں، فارم 45 کو دیکھا جائے تو 60 فیصد لیکن اگر 18سال کے بچوں کو بھی شامل کیا جائے تو پھر 90 فیصد لوگوں نے ووٹ دیا، ساری قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے عمران خان کو بالکل خوش و خرم ، ایک بڑا لیڈر جو پاکستان کی فکر کررہا ہے، ساری قربانیاں دینے کو تیار ہے، عمران خان وہ لیڈر ہے جو دنیا میں سب سے زیادہ مقبول آدمی ہے، پاکستان میں کوئی بھی سروے ہوجائے، الیکشن نے ثابت کردیا ہے کہ 70 سے 80 فیصدتک عمران خان کی مقبولیت ہے، دنیا میں کوئی لیڈر ایسا نہیں ہے جو اتنی بڑی مقبولیت رکھتا ہو، عمران خان کو اس بات کا بڑا افسوس تھا کہ یہ جو پریس کانفرنس کی گئی اس کے اندر فوج کو بحث کی بنیاد بنا دیا گیا۔

سابق صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کہا گیا کہ 9مئی واقعے میں فوج کے اندر جو لوگ ملوث تھے، ان کو سزا دے دی گئی ہے، میرا سوال یہی ہے کہ 9مئی میں ساری فوج تو ملوث نہیں تھی، ساری فوج کو تو سزا نہیں دی گئی مگر پاکستان تحریک انصاف کے چند لوگوں پر الزام لگایا جب کہ ساری جماعت کو بند کرنے کی فکر میں ہیں؟پوری جماعت پر الزام لگا دیا، ہم بھی سمجھتے ہیں پوری فوج ملوث نہیں ہے، مگر یہاں ساری جماعت کا نشان لے لیا گیا، آج بھی دبایا جارہا ہے، آج بھی ظلم کیا جارہا ہے، یہ بالکل غلط ہے، اسی طرح آپ نے فوج کو بحث کی بنیاد بنا دیا، سابق سپہ سالار قمرجاوید باجوہ نے چلتے چلتے کہا کہ فوج اب سیاست میں حصہ نہیں لے گی ، یعنی پہلے حصہ لے رہی تھی، پھر کہتے فوج کا کوئی ہاتھ نہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات