امریکی صدر نے پیوٹن سے ملاقات سے قبل ہی روس، چین اور یورپی یونین کو دشمن قرار دے دیا

یورپی یونین تجارتی لحاظ سے ہماری بد ترین دشمن ہے،روس بھی کئی پہلوں سے ہمارا دشمن ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

پیر 16 جولائی 2018 14:25

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2018ء) امریکی صدر نے روسی صدر سے ملاقات سے قبل ہی روس، چین اور یورپی یونین کو دشمن قرار دے دیا، یورپی یونین تجارتی لحاظ سے ہماری بد ترین دشمن ہے،روس بھی کئی پہلوں سے ہمارا دشمن ہے۔ بین الاقوامی ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس، چین اور یورپی یونین کو دشمن قرار دے دیا۔ڈونلڈ ٹرمپ آج فن لینڈ کے دارالحکومت ہلسنکی میں اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔

ملاقات سے قبل امریکی ٹی وی سی بی ایس کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے روس، چین اور یورپی یونین کو امریکا کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں ہمارے بہت سارے دشمن ہیں، یورپی یونین نے تجارت میں ہمارے ساتھ جو سلوک کیا ہے اس حساب سے وہ ہماری دشمن ہے، شاید آپ یورپی یونین کو اپنا دشمن نہ سمجھیں لیکن حقیقت میں وہ دشمن ہے جس سے نمٹنا بہت مشکل ہے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میں یورپی ممالک کے رہنماں کا احترام کرتا ہوں، لیکن تجارتی لحاظ سے انہوں نے ہم سے بہت فائدہ اٹھایا ہے، روس بھی کئی پہلوں سے ہمارا دشمن ہے، رہا چین تو وہ ہمارا اقتصادی حریف ہونے کی بنا پر دشمن ہے، اگرچہ یہ ممالک دشمن ہیں مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ سب برے بھی ہیں بلکہ اس سے مراد ہے کہ وہ ہمارا حریف ہے۔ادھر یورپین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور یورپی یونین ایک دوسرے کے بہترین دوست ہیں، انہیں دشمن قرار دینے والے لوگ دراصل جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج فن لینڈ کے دارالحکومت ہلسنکی میں ملاقات کریں گے۔ صدارتی محل میں ہونے والی ملاقات کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادی میر پیوٹن مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔