ملک میں مون سون شجرکاری مہم کا آغاز ہو گیا، نگران وفاقی محمد یوسف شیخ نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا

پیر 16 جولائی 2018 16:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) ملک میں مون سون کی شجرکاری مہم کا آغاز ہو گیا۔ نگران وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی محمد یوسف شیخ نے پیر کو مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے بعد ازاں سندھ یونیورسٹی اور لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز جامشورو میں بھی پودے لگائے۔

اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں جنگلات بہت کم رقبے پر پائے جاتے ہیں، پاکستان میں جنگلات 4.22 ملین ہیکٹر رقبہ پر پھیلے ہوئے ہیں جو مجموعی رقبے کا 5 فیصد بنتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے جنگلات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مختلف عوامل کی وجہ سے جنگلات کو بہت نقصان پہنچا ہے، ہماری ضروریات کیلئے نہ صرف جنگلات میں اضافہ اہم ہے بلکہ ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کیلئے بھی جنگلات کی بڑی اہمیت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے جنگلات کے مسائل پر قابو پانے کیلئے کچھ اقدامات کئے ہیں جن میں گرین پاکستان پروگرام اور بلین ٹری سونامی فارسٹریشن پراجیکٹ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کے تحفظ اور فروغ کیلئے معاشرہ کے تمام طبقات کو زیادہ سے زیادہ مربوط کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے مون سون کی شجرکاری کے دوران 41.47 ملین پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ گرین پاکستان پروگرام کے تحت مختلف یونیورسٹیوں، اداروں اور تنظیموں کے ساتھ ساتھ شجرکاری میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو رواں مہم کے دوران 5 لاکھ پودے فراہم کئے جائیں گے۔