جھولا گرنے کا واقعہ، پولیس اور تحقیقاتی ٹیم نے شواہد جمع کرنا شروع کردیئے

جھولاگرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں،سول ڈیفنس ٹیم بھی جائے وقوعہ کا دورہ کرے گی

پیر 16 جولائی 2018 23:59

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) تفریحی پارک میں جھولا گرنے کے حادثے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے پولیس اور تحقیقاتی ٹیم نے شواہد جمع کرنا شروع کردیئے ہیں۔پولیس کے مطابق کراچی کے تفریحی پارک میں حادثہ کی تحقیقات کے لئے پولیس اور تحقیقاتی ٹیم نے پارک کا دورہ کیا ، ٹیم جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور شواہد جمع کیے ۔

پولیس کے مطابق انتظامیہ اور شہریوں کے بیانات ریکارڈ کئے جائیں گے، جھولاگرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں جبکہ سول ڈیفنس ٹیم بھی جائے وقوعہ کا دورہ کرے گی۔پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق تیرہ سالہ کشف ولدعبدالصمد کے اہلخانہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا، حادثے میں زخمی ہونے والے گیارہ افراد زیر علاج ہیں جبکہ دو خواتین کی حالت تشویشناک ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کراچی کے علاقے سبزی منڈ ی کے قریب امیوزمنٹ پارک میں چلتا جھولا زمین پر گرگیا تھا، جھولا گرتا دیکھ کر بھگڈرمچ گئی تھی، حادثے میں ایک بچی جاں بحق اوراٹھارہ افراد زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق جھولے کو ٹرائل پر چلایا جارہا تھا جو چلتے ہوئے گرا جبکہ حادثے کی اطلاع کے بعدرینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے پارک خالی کرا دیا تھا۔ہلاک ہونے والی تیرہ سالہ بچی کی شناخت کشف بنت عبدالصمد کے نام سے ہوئی ہے۔