سندھ سوشل سیکورٹی انسٹیٹیوشن نے ملازمین کیلئے کراچی،حیدرآباد،کوٹر ی اور سکھر میں نجی ہسپتالوں کے پینل کی سہولت کی اجا زت د ے دی

بدھ 18 جولائی 2018 00:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) سندھ سوشل سیکورٹی انسٹیٹیوشن (سیسی) نے ملازمین کیلئے کراچی، حیدرآباد، کوٹری اور سکھر میں نجی ہسپتالوں کے پینل کی سہولت کی اجازت دے دی جبکہ سرطان اور دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو سیسی کے جاری کردہ خط کے ذریعے ہسپتالوں میں داخل کروایا جاسکے گا۔ نگران صوبائی وزیر برائے محنت سائمن جان ڈینئل کی جانب سے گز شتہ جمعہ کے روز سیسی اسٹاف یونین ( سی بی اے ) کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری کے بعد سیسی نے حکم نامہ جاری کردیا۔

حکم نامے کے مطابق گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کا ایجوکیشن الائونس 1000سے بڑھا کر 1300روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ ملازمین کے بچوں کیلئے 30 اسکالرشپس دینے کی منظوری دی گئی ہے، جس کے مطابق پرائمری 1500، سیکنڈر ی 2500 اور ہائر سیکنڈری کیلئے 5000 رو پے پر ماہانہ دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ملازمین کا یوٹیلیٹی الاؤنس 1000سے بڑھاکر 1300 رو پے کر دیا گیا ہے۔ گر یڈ 1 سے 4 تک ملازمین کا سفری الائونس 2300 سے بڑھاکر 2760 رو پے، گریڈ 5 سے 10 تک ملا زمین کا 2415 سے 2898، جبکہ گریڈ 11 سی16 تک ملازمین کا سفری الائو نس 3450 سے بڑھاکر 4140روپے کر دیا گیا ہے۔

بعض ملازمین کے اسپیشل الائونس پر نظر ثانی کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں دفتری کا اسپیشل الائو نس 550 رو پے سے بڑھاکر 650 رو پے کر دیا گیا ہے، اسٹینو گرافر 700 سے 1000 رو پے، کیشیئر اسپیشل الائونس 700 سے 1000، ڈیٹا انٹری آپریٹر 1150 سے 1250، انجینئرنگ الائونس 550 سے 1000، ڈارئیور، آٹو مکینک اور ڈی آر اے کا اسپیشل الائونس 800 سے بڑھاکر 1000 کر دیا گیا ہے، اسٹینو ٹائپسٹ، لفٹ آپریٹرز اور جنریٹر آپریٹر کو 500 رو پے الائو نس دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

وا شنگ الائونس 300 سے بڑھاکر 800 روپے کیا گیا ہے۔ میڈیکل سہولت سیسی ملازمین کے نجی ہسپتالوں کے ریٹ پر نظر ثانی کی گئی ہے اور لیبر روم چارجز 2500 سے بڑھاکر 5000 رو پے، گریڈ 1 سی11 تک کے ملازمین کیلئے روم چارجز 1000 سے بڑھاکر 2000 رو پے کر دیا گیا ہے جبکہ گر یڈ 12سے 15کے ملازمین کا 1500سے بڑ ھا کر 2200 رو پے کر دیا گیا ہے۔ نارمل ڈیلیوری چارجز 4000 سے بڑھاکر 12000 رو پے جب کہ آپریشن ڈیلیوری چارجز 5000 سے بڑھاکر 15000رو پے کر دیا گیا ہے۔ سیسی کے حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ہر سال 12ملازمین کو حج پر بھیجا جائے گا 3 ہندو اور تین مسیحی ملازمین کو پاکستان میں ان کے مقدس مقامات پر بھیجا جائے گا۔