ویں ایشین گیمز مینز اینڈ ویمنز ہاکی ایونٹس کے شیڈول کا اعلان، مینز ایونٹ 20 اگست سے یکم ستمبر تک منعقد ہو گا، پاکستانی ٹیم 20 اگست کو تھائی لینڈ کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی

بدھ 18 جولائی 2018 09:50

جکارتہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) آئندہ ماہ انڈونیشیا میں ہونے والے 18ویں ایشین گیمز کے مینز اینڈ ویمنز ہاکی ایونٹس کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، ایشین گیمز ہاکی ٹورنامنٹس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مینز اینڈ ویمنز ایونٹس میں ریکارڈ 21 ٹیمیں ٹائٹلز کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستانی ٹیم کو گروپ بی میں ملائیشیا، بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، اومان اور میزبان انڈونیشیا کا چیلنج درپیش ہو گا، گرین شرٹس 20 اگست کو تھائی لینڈ کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کریں گے، دونوں ٹورنامنٹس کی فاتح ٹیمیں 2022ء میں ٹوکیو میں شیڈول اولمپکس گیمز میں جگہ بنانے کا اعزاز حاصل کریں گی۔

اعلان کردہ شیڈول کے تحت مینز ٹورنامنٹ 20 اگست سے یکم ستمبر تک ہو گا، ایونٹ میں شریک 11 ٹیموں کو دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں بھارت، کوریا، جاپان، سری لنکا اور ہانگ کانگ چائنہ، گروپ بی میں پاکستان، ملائیشیا، بنگلہ دیش، اومان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا شامل ہیں، پاکستانی ٹیم 20 اگست کو ابتدائی میچ میں تھائی لینڈ کے مدمقابل ہو گی، گرین شرٹس اپنا دوسرا میچ 22 اگست کو اومان، تیسرا میچ 24 اگست کو انڈونیشیا، چوتھا میچ 26 اگست کو ملائیشیا جبکہ پانچواں اور آخری میچ 28 اگست کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔

(جاری ہے)

اسی طرح ویمن ٹورنامنٹ 19 اگست سے 31 اگست تک کھیلا جائے گا، 10 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، چین، جاپان، ملائیشیا، ہانگ کانگ چائنہ اور چائنیزتائپے گروپ اے، کوریا، بھارت، تھائی لینڈ، قازقستان اور انڈونیشیا گروپ بی میں شامل ہیں۔