پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کا فصلات ربیع کیلئے یکم اکتوبر سے زرعی قرضوں کی فراہمی کااعلان

بدھ 18 جولائی 2018 13:25

فیصل آباد۔18جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک نے فصلات ربیع کیلئے یکم اکتوبر سے زرعی قرضوں کی فراہمی کااعلان کیا ہے اور کہاہے کہ اس ضمن میں ابتدائی طور پر اڑھائی ارب روپے کاہدف بھی مقررکیاگیاہے۔ پراونشل کوآپریٹوبینک کے ذرائع نے بتایاکہ بینک کی جانب سے کاشتکاروں کو فصلات خریف کیلئے آسان شرائط پر زرعی قرضوںکی فراہمی کا عمل مکمل کرلیاگیاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ اگرچہ بینک کی جانب سے اڑھائی ارب روپے کے قرضوں کا ہدف مقرر کیاگیا تھا تاہم موسمی حالات اور بعض دیگر ناگزیر وجوہات کی بناء پر رواں سال فصلات خریف کیلئے پنجاب بھر کی 10ہزار کے قریب کوآپریٹو سوسائٹیز کے ذریعے 52ہزار کے قریب کاشتکاران و سوسائٹی ممبران کو ایک ارب 92کروڑ روپے کے قریب قرضے جاری کئے گئے۔ انہوںنے بتایاکہ بینک کی جانب سے کاشتکاروں کو پیداواری قرضہ جات کے علاوہ متعدد سکیموں کے ذریعے بھی قرضوں کا اجراء کیاجارہاہے ۔ انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بقایاجات بروقت ادا کردیں تاکہ انہیں بھرپور انداز میں فصلات ربیع کیلئے قرضوں کااجراء یقینی بنایاجاسکے۔

متعلقہ عنوان :