نظام آبپاشی فنی و مالی معاونت کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10اگست مقرر

جمعہ 20 جولائی 2018 17:01

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) محکمہ زراعت پنجاب نے بارانی علاقوں میں نظام آبپاشی کی بہتری کیلئے مالی سال2018-19 میںکاشتکاروں کو فنی و مالی معاونت کی فراہمی کا اعلان کر دیا ۔محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ اس منصوبہ سے مستفید ہونے کیلئے کاشتکاروں کے پاس وافر پانی کا ذخیرہ اور آبپاش رقبہ کم از کم 40 کنال (5 ایکڑ) جبکہ پانی کا لفٹینگ ہیڈزیادہ سے زیادہ50 میٹر ہونا چاہیے۔

اس کے علاوہ انجمن آبپاشیاں کے قواعد کے مطابق حصہ داران کی تعداد مقرر ہونی چاہیے۔ انہوں نے قومی خبر ایجنسی کو مزید بتایاکہ اس کے ساتھ ساتھ مجوزہ سکیم کی پیداواری صلاحیت کافی ہو اور وہ ہر قسم کی قانونی کاروائی سے پاک ہو۔

(جاری ہے)

اس سکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے کاشتکاروں مجوزہ درخواست فارم ڈپٹی ڈائریکٹر/ اسسٹنٹ ڈائریکٹر(اصلاح آبپاشی)کے دفاترسے دفتری اوقات میں مفت حاصل کر سکتے ہیں یا دفتری ویب سائٹ www.ofwm.agripunjab.gov.pk سے بھی ڈائون کئے جا سکتے ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے کو دستیاب اعدادو شمار کے مطابق اس سکیم کے تحت تکنیکی طور پر اہل درخواست دہندہ کے فارم کا سروے، ڈیزائن اور تخمینہء لاگت تیار کیا جائے گاجس کی منظوری متعلقہ اتھارٹی دے گی۔ حصہ داران سکیم اپنے حصہ کی رقم متعلقہ شراکتی بینک اکائونٹ میں جمع کر ائیں گے۔ حکومت کی طرف سے تعمیراتی کام کی خرید کیلئے منظور شدہ رقم مبلغ2 لاکھ50 ہزار کی قسط وار ادائیگی کی جائے گی۔

اس سکیم میں حصہ لینے کیلئے درخواستیں متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر (اصلاحِ آبپاشی) کے دفتر میں دفتری اوقات کے دوران 10 اگست2018 تک وصول کی جائیں گی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ حصہ داران سکیم متعلقہ کمیٹی کے ذریعے ترقیاتی کام مکمل کریں گے جس کی تصدیق متعلقہ ادارہ کرے گا۔ مزید معلومات کیلئے کاشتکار دفتری اوقات میں فون نمبر 042-99200713 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :