جرمنی، بس میں چاقو سے حملے کرنے والا شخص گرفتار

ہفتہ 21 جولائی 2018 14:22

برلن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) شمالی جرمن شہر لیوبک کے قریب ایک بس میں مسافروں پر چاقو کے ذریعے حملہ آور ہونے والے مبینہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق لیوبک کی چیف پراسیکیوٹر اٴْولا ہِنگسٹ نے بتایا کہ چلتی بس میں حملہ آور نے اچانک چاقو نکال کر مسافروں پر وار شروع کر دیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گرفتار ہونے والے ملزم کی عمر 34 برس اور وہ ایرانی نژاد جرمن شہری ہے۔

شمالی جرمن ریاست شلیسوِگ ہولشٹائن کے وزیرداخلہ ہانس ڑوآخم گروٹے کے مطابق اس واقعے میں چھ افراد چاقو کے وار سے زخمی ہوئے، جب کہ دیگر تین کو دیگر چوٹیں آئیں۔ حملہ آور نے بس ڈرائیور کو بھی مکے مارے تھے۔ ریاستی وزیر داخلہ کے مطابق اس واقعے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ مقامی چیف پراسیکیوٹر ہِنگسٹ کے مطابق اس واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔