ختم نبوتؐ کے حلف نامے کو غیر موثر کرنے کی کوشش ایک بین الاقوامی سازش تھی ،حافظ حسین احمد

آلہ کار مسلم لیگ( ن) کے انوشہ رحمن اور تحریک انصاف کے شفقت محمود تو بے نقاب ہوچکے ،مگر امسلم لیگ( ن) اور تحریک انصاف نے ان دونوں کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہیں کی،خطاب

ہفتہ 21 جولائی 2018 17:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اور این اے 266سے قومی اسمبلی کے لیے متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدوار حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ختم نبوت ؐکے حلف نامے کو غیر موثر کرنے کی کوشش ایک بین الاقوامی سازش تھی جس کے آلہ کار مسلم لیگ ن کے انوشہ رحمن اور تحریک انصاف کے شفقت محمود تو بے نقاب ہوچکے لیکن ان دونوں نے اپنے اقدام کو پارٹی قیادت کے احکامات کے تحت انجام دینے کی بات کی ہے مگر اب مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف نے ان دونوں کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہیں کی اگر یہ سازش کامیاب ہوجاتی تو پھر آئین پاکستان میں ختم نبوت کی آئینی ترمیم ، ناموس رسالت اور دیگر اسلامی دفعات کو ختم کیا جاتا حلف نامہ کا خاتمہ ایک ٹیسٹ کیس تھا ، وہ اپنے انتخابی مہم کے سلسلے میں علی زئی ٹاؤن، اسحاق آباد، بڑیچ ٹاؤن، جتک اسٹاپ، سرمست آباد، کلی کمالو، موسیٰ کالونی، ولی جیٹ میں کارنر میٹنگوں سے خطاب کررہے تھے ان اجتماعات میں پی بی 30کے امیدوار مولوی حکیم محمد عیسیٰ اور پی بی 31کے امیدوار میر اسحاق ذاکر شاہوانی ، شیخ الحدیث مولانا احمد جان ، مولانا گلاب خان، محمد آصف علی زئی، مفتی رشید احمد، مولوی عبدالحنان، مولوی محمد سلیم، حکیم مولوی حبیب اللہ، محمد صادق علیزئی، حاجی سلیم علیزئی ایڈوکیٹ، بلوچ خان، مولوی وزیر محمد بڑیچ، حافظ منیر احمد ایڈوکیٹ ، حافظ زبیر احمد نے بھی خطاب کیا، حافظ حسین احمد نے کہا کہ اسلام آبادہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلہ کے بعد بھی غداراں ختم نبوت کو بچانے کی جو کوشش کی گئی اور دونوں پارٹیوںکی قیادت نے بھی ختم نبوت کے مسئلہ پر چپ سادھ لی ہے لیکن یہ جرم اس طرح نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ، انشاء اللہ انتخابات کے بعد ان عناصر کے خلاف موثر اقدام کیا جائے گا کیوں کہ مغرب کی خوشنودی کے لیے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف دونوں ایک دوسرے سے بازی لے جانے میں لگی ہیں، جبکہ یورپ میں قادیانی فرقہ کو تحریک انصاف والے بھی طفل تسلیاں دے رہے ہیں لیکن عاشقان ختم المرسل ؐکے ہوتے ہوئے پارلیمنٹ کے اندر یا باہر اس قسم کی کسی بھی سازش کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا، حافظ حسین احمد نے کہا کہ کچھ رہنما کہتے ہیں کہ جے یو آئی والے اسلام کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں ہم ٹھیکیدار نہیں ہیں لیکن ختم نبوت کے حلف نامہ پر ڈاکہ ڈالنے والے چور اور ڈاکو جب رات کی تاریکی میں اسلامی دفعات اور قوانین پر ڈاکہ ڈالیں گے تو جہاں ’’چور‘‘ ہوگا وہاں چوکیدار کا ہونا بھی ضروری ہوجاتا ہے۔