بی اے پی بلوچستان میں بسنے والی تمام قوموں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے ،سعید احمدہاشمی

عوام نے 25جولائی کو ووٹ دیکر خدمت کا موقع دیا تو پارٹی صوبے کے عوام کی تمام تعصبات سے بالاتر ہوکر خدمت کریگی،اجتماعات سے خطاب

ہفتہ 21 جولائی 2018 23:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 29سے امیدوار سعید احمدہاشمی نے کہا ہے کہ بی اے پی بلوچستان میں بسنے والی تمام قوموں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے اگر عوام نے 25جولائی کو ووٹ دیکر خدمت کا موقع دیا تو پارٹی صوبے کے عوام کی تمام تعصبات سے بالاتر ہوکر خدمت کریگی۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو مختلف علاقوں میں انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ ہم امن و ترقی کے داعی ہیں اور ہمارا پیغام بلوچستان اور پاکستان کے ہر فرد کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہے ہمارا قافلہ اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے ہماری منزل ترقی یافتہ خوشحال بلوچستان ہے جہاں ہر فرد کو اس کے وہ تمام حقوق حاصل ہوں جو آئین پاکستان نے یکساں طور پر ریاست کے ہر شہری کے لیے متعین کرتے ہوئے اس کی گارنٹی دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں برسراقتدار رہنے والی جماعتوں نے عوام کی خدمت کی بجائے صوبے کی ترقی کیلئے آنے والے اربوں روپے کے فنڈز خوردبرد کی نظر کئے صوبے کے عوام آج بھی صحت ،تعلیم ،پینے کے صاف پانی سمیت دیگر سہولیات سے محروم ہیں بلوچستان عوامی پارٹی اقتدار میں آکر صوبے کے عوام کو صحت ،تعلیم ،پینے کے صاف پانی سمیت دیگرسہولیات کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایسی حقیقی سیاسی قیادت کو آگے لانے کی اشد ضرورت ہے جو بلوچستان کے حقیقی مسائل کا بخوبی ادراک رکھتی ہو اور بلوچستان عوامی پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عالمی صورتحال میں قومی سیاست اور بلوچستان کے کلیدی کردار اور مسائل کو سمجھتی ہے اور تمام معاملات کے حل کا واضح ویڑن رکھتی ہے عوام 25جولائی کو بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دے کر روشن و خوشحال بلوچستان کی بنیاد رکھیںانشاء اللہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے عوام کو مایوس نہیں کریگی۔