آرامکو سرکردہ پٹروکیمیکل کمپنی سابک کے حصص خریدنے کے لئے تیار

اتوار 22 جولائی 2018 12:20

ریاض۔22 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) سعودی عرب کی قومی کمپنی برائے پٹرولیم اور قدرتی گیس آرامکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر امین الناصر نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی مملکت میں پٹرو کیمیکل مصنوعات تیار کرنے والی سرکردہ کمپنی سابک کا سٹرٹیجک حصہ خریدنے کے لئے ابتدائی معاہدے کے لئے بات چیت کر رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس معاہدے پر دستخط سے آرامکو" کی جانب سے اپنے حصص عوام کے لئے فروخت کرنے کا ٹائم فریم متاثر ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

العربیہ ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے امین الناصر نے بتایا کہ سابک جیسی کیمیکل کمپنی کے حصص خریداری کا آرامکو کی آمدن پر مثبت اثر ہو گا۔ انھوں نے بتایا کہ ایسا کرنے سے آرامکو کیمیکل منصوعات تیار کرنے والی ایک ایسی کمپنی کے حصص میں حصہ دار ہو گی جس کے بعد تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھائو کے کمپنی پر منفی اثرات نہیں پڑیں گے۔آرامکو سی ای او نے مزید کہا کہ حصص خریداری کا معاہدہ مسابقت اور مارکیٹ اتھارٹی کے ضوابط کی روشنی میں طے پائے گا۔ ہم ابھی سابک کے حصص خریداری کے ابتدائی مراحل میں ہیں، حتمی معاہدہ طے پانے کے بعد ہی حصص خریداری کا کوئی ٹائم فریم دیا جا سکے گا۔