روپے کی قدر میں کمی کے بعد عوام کو بے رحم مہنگائی سے بچانے کیلئے اشیائے ضروریہ پر عائد ٹیکسز میں کمی کی جائے،شاہد رشید بٹ

اتوار 22 جولائی 2018 16:00

اسلام آباد ۔22 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کے بعد عوام کو بے رحم مہنگائی سے بچانے کیلئے اشیائے ضروریہ پر عائد ٹیکسز میں کمی کی جائے۔ عام استعمال کی اشیاء پر ٹیکس میں کمی سے عوام کو کچھ ریلیف ملے گا کیونکہ ملک کی اکثریت آبادی کی آمدنی انکی جائز ضروریات سے بہت کم ہے جس میں مہنگائی کی وجہ سے مزید کمی آ رہی ہے۔

شاہد رشید بٹ نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی کی وجوہات میںریکارڈ تجارتی خسارہ، قرضوں میں اضافہ اورسیاسی عدم استحکام ہے جس نے ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ کر کے عوام کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افراط زر عوام پر خاموشی سے ٹیکس عائد کرنے کے مترادف ہے جو زندہ رہنے کیلئے سخت جدوجہد میں مصروف ہیں اور ان میں سب سے برا حال روزانہ کی بنایا پر کام کرنے والوں اور مقررہ تنخواہوں پرگزارہ کرنے والوں کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اجرت یا تنخواہ کبھی اتنی تیزی سے ترقی نہیں کرتی جتنی تیزی سے مہنگائی بڑھتی ہے جس سے عوام کی بچت اور قوت خرید متاثر ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کے حل کے طور پر اپنی جائز ضروریات بھی قربان کر دیتے ہے جس سے ان پر، ان کے خاندان پر اور ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ٹیکسز کی شرح میں کمی کے اقدامات کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :