مچھلی ہیموگلوبن میں اضافے اور کولیسٹرول میں کمی کا اہم ذریعہ ثابت ہوتی ہے،ماہرین آبی حیات

پیر 23 جولائی 2018 14:00

مچھلی ہیموگلوبن میں اضافے اور کولیسٹرول میں کمی کا اہم ذریعہ ثابت ہوتی ..
فیصل آباد۔23جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء)ماہی پروری کے ماہرین آبی حیات نے کہاہے کہ مچھلی ہیموگلوبن میں اضافہ اور کولیسٹرول میں کمی کا اہم ذریعہ ثابت ہوتی ہے لہٰذا لو گ توانائی کے خزانہ کی حیثیت سے مچھلی کھانے کو ترجیح دیں جو انسان کو ڈپریشن سے بھی نجات دلاتا ہے اور حالیہ تحقیق کے دوران اس کے استعمال سے خون میں ہیموگلوبن میں اضافہ اور کولیسٹرول میں نمایاں کمی بھی دیکھنے میں آئی ہے جس کے باعث مچھلی کی اہمیت و افادیت میں مزید اضافہ ہو گیاہے۔

(جاری ہے)

ماہرین نے بتایاکہ حالیہ تحقیق سے یہ بات بھی ثابت ہوئی ہے کہ اگر ایک مہینہ میں 5بار مناسب مقدار میں مچھلی استعمال کی جائے تو خواتین میں بالخصوص اور مردوں میں بالعموم فالج کا خطرہ نہ رہتاہے۔ انہوںنے بتایاکہ دماغی محنت کرنے والے افراد کیلئے مچھلی انتہائی عمدہ غذا ہے کیونکہ اس میں پائے جانے والے 3فیٹی ایسڈز ذہنی امراض کی روک تھام میں انتہائی معاون ہیں ۔ انہوںنے بتایاکہ مچھلی سے دماغ کو تقویت ملتی ہے جس سے ڈپریشن کا بھی خاتمہ یقینی ہو جاتاہے۔ انہوںنے کہاکہ مچھلی دل کی دھڑکن کو معتدل رکھتی ہے اور یہ کینسر کی بعض اقسام سمیت پیٹ کے ورم سے متعلقہ بیماریوں کے خاتمہ میں بھی انتہائی ممد و معاون ہے۔