سیکرٹری قانون پنجاب ابوالحسن نجمی کی تعیناتی کیخلاف درخواست کی سماعت اگست تک ملتوی

پیر 23 جولائی 2018 20:37

لاہور۔23جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) سپریم کورٹ نے سیکرٹری قانون پنجاب ابوالحسن نجمی کی تعیناتی کیخلاف درخواست کی سماعت اگست تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے مصالحتی مسودہ قانون کی منظوری سے متعلق عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میںچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار میاں ظفر اقبال کلانوری نے موقف اختیار کیاکہ سیکرٹری قانون پنجاب ابوالحسن نجمی کو ریٹائر ہونے کے باوجود اہم عہدے پر تعینات کیا گیا ہے جو کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابو الحسن نجمی کی تعیناتی سے میرٹ پر اترنے والے اہل افسران میں بے چینی پائی جا رہی ہے،ابوالحسن نجمی بھاری مراعات کے علاوہ پینشن بھی وصول کر رہے ہیں مگر مصالحتی مسودہ قانون کو منظوری کے لئے کابینہ کے پاس بھجوانے کی بجائے روک رکھا ہے،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ابو الحسن نجمی نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے اور ان کے استعفی کو منظور بھی کیا جا چکا ہے،عدالت نے سماعت اگست تک ملتوی کرتے ہوئے مصالتی مسودہ قانون کی منظوری سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔