لیسکو نے الیکشن کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے کئے گئے اقدامات کو حتمی شکل دیدی

پیر 23 جولائی 2018 22:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی( لیسکو)کے چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ لیسکو کی خصوصی ٹیمیں عام انتخابات 2018کے سلسلے میں پولنگ اسٹیشنز پر بجلی کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے ہمہ وقت الرٹ رہیں گی۔ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے یہ بات آج لیسکو ہیڈ آفس میں جنرل الیکشنز کے حوالے سے ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کہی۔

اس اجلاس میں جی ایم آپریشن چوہدری انور، چیف انجنیئراو اینڈ ایم ڈسٹریبیوشن چوہدری محمد امین سمیت تمام سرکلز کے ایس ایز نے شرکت کی۔اجلاس میں طے پایا گیا کہ عام انتخابات میں پولنگ کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میںخصوصی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں گی۔

(جاری ہے)

۔ چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ کی خصوصی ہدایت پر تمام ایس ایز اور ایکسئینز اپنے اپنے سرکلز میںمانیٹرنگ کریں گے جبکہ الیکشن سے ایک دن قبل اور الیکشن کے دن 25جولائی بروز بدھ ایس ایز ، ایکسئینز اور ایس ڈی اوز سمیت تمام فیلڈ اسٹاف کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فی الفور نمٹنے کے لیئے اپنے اپنے دفاتر میں موجود گی کو یقینی بنائیں گے۔

لیسکو کے فیلڈ دفاتر ایسے تمام دفاتر/کورٹس کو بجلی کی ترسیل سو فیصد یقینی بنائیں گے جو براہ راست انتخابی عمل کا حصہ ہوں گے اس کے ساتھ ساتھ تمام پولنگ اسٹیشنز کی فہرستیں بھی دفاتر میں موجود ہو۔۔چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ فیلڈ سٹور مینجرز کو تمام ڈویژن کو اضافی ٹرانسفارمرز مہیا کرنے جبکہ کسی بھی ایمرجنسی سے بروقت نمٹنے کے لئے ٹرانسفارمر ٹرالیوں کی موجودگی اور کمپلینٹ دفاتر میںمٹیریل کے دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا تھا کہ تمام افسران اور عملہ اپنی دستیابی کو یقینی بنائیںتاکہ بجلی سے متعلق کسی بھی ہنگامی مسئلے کو فی الفور حل کیا جا سکے۔