انتخابی بے ضابطگیوں اور سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر الیکشن کمیشن کا قلعہ عبداللہ‘بھکر میں اسسٹنٹ ریٹرننگ افیسر کیخلاف کاروائی کا حکم

منگل 24 جولائی 2018 18:22

انتخابی بے ضابطگیوں اور سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر الیکشن کمیشن ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر قلعہ عبداللہ محمد انور اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افیسر بھکر سہیل انور کو تبدیل کرتے ہوئے ان کے خلاف انضباطی کاروائی کرنے کی منظوری دیدی ہے ،دونوں افسران کے خلاف انتخابی بے ضابطگیوں اور سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات تھے ۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے متعدد شکایات اور صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کی رپورٹ پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر قلعہ عبداللہ، (بلوچستان) محمد انور(ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن) کو تبدیل کرکے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قلعہ عبداللہ سید محمد ہارون کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر قلعہ عبداللہ تعینات کر تے ہوئے سابقہ ڈی۔

(جاری ہے)

آر۔

او کے خلاف انضباطی کارروائی کرنے کی بھی منظوری دی ہے اسی طرح ایک دوسری کارروائی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر این اے 97 بھکر سہیل انور کو بھی تبدیل کر دیا ہے اور ان کی جگہ آصف جاوید چیف آفیسر بھکر کو اے۔آر۔او تعینات کر دیا ہے سابقہ اے۔آر۔او کے ِخلاف شکایات تھی کہ وہ سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابقہ اے۔آر۔او کے خلاف بھی انضباطی کارروائی کرنے کی منظوری دی ہے۔۔۔۔اعجاز خان