سویٹزرلینڈ کی ٹاپ خاتون سکواش کھلاڑی کا بھارت آنے سے انکار

خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم کے خوف کی وجہ سے عالمی چمپئن شپ چھوڑ دی

منگل 24 جولائی 2018 20:25

سویٹزرلینڈ کی ٹاپ خاتون سکواش کھلاڑی کا بھارت آنے سے انکار
سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2018ء) بھارت کو اس وقت سخت شرمندگی کاسامنا کرنا پڑا جب ملک میں خواتین کے تحفظ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث سویٹزرلینڈ کی نمبر ایک سکواش کھلاڑی Ambre Allinckxنے بھارت آنے سے انکار کردیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی اخبار نیو انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم کے بارے میں خبریں سننے کے بعد Allinckxکے والدین نہیں چاہتے تھے کہ ان کی بیٹی بھارت جائے۔

اس سے پہلے Ambre Allinckx چنئی میں جاری ورلڈ جونیئر سکواش چمپئن شپ 2018میں شرکت کرنے والی تھی ۔ اخبار کے مطابق سویز کوچ پاسکل بھورن نے کہا ہے کہ Ambre Allinckx ہماری ٹاپ درجے کی خاتون کھلاڑی ہے اور اپنے والدین کے منع کرنے کے بعد وہ بھارت نہیں آسکی۔

(جاری ہے)

سویز کوچ کا کہنا ہے کہ Ambreکے والدین انٹرنیٹ پر بھارت کے بارے رپورٹس پڑھتے رہتے ہیںاور وہ اپنی بیٹی کو بھارت بھیجنے کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتے تھے۔

یہ واقعہ اس رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد پیش آیا جس میں بھارت کو خواتین کے لیے دنیا کاغیر محفوظ ترین ملک قراردیا گیاہے۔ گزشتہ ماہ شائع ہونے والے تھامسن رائٹرز فائونڈیشن کے ایک سروے میںبھارت کو خواتین کے لیے دنیا کا خطرناک ترین ملک قراردیا گیا تھاحتیٰ کہ اسے جنگ زدہ افغانستان ،شام اور صومالیہ سے بھی بدتر ملک قراردیا گیا ہے۔ اس خوف وہراس میں مزید اضافہ اس وقت ہوا جب چنئی کے ایک فلیٹ میںسترہ آمیوں کی طرف سے ایک گیارہ سالہ معذور بچی کی مسلسل چھ ماہ تک اجتماعی زیادتی کا واقعہ سامنے آ یا۔