این اے 93: کانٹے دار مقابلے کا نتیجہ سامنے آ گیا

تحریک انصاف نے این اے 93 کا معرکہ جیت لیا، پی ٹی آئی رہنما عمر اسلم 100448 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر، ن لیگ کی رہنما سمیرا ملک 70 ہزار 401 دوسرے نمبر پر

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 26 جولائی 2018 11:48

این اے 93: کانٹے دار مقابلے کا نتیجہ سامنے آ گیا
خوشاب (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جولائی2018ء) گذشتہ شام الیکشن 2018ء میں پولنگ کا عمل اپنے اختتام کو پہنچ چکا تھا۔پورے ملک میں پرامن انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا گیا۔جس کے لیے پاکستان کے سیکیورٹی ادارے تعریف کے مستحق ہیں۔ملک بھر سے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اکثر حلقوں میں بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنز کے نتائج سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔

اس وقت اکثر نشستوں پر امیدواروں کی پوزیشن واضح ہو تی جارہی ہے۔۔۔پاکستان میں تاریخ کے سب سے بڑا انتخابی معرکہ کے غیر حتمی نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں جس میں تحریک انصاف واضح برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔اور اب خوشاب کے حلقہ این اے 93کا نتیجہ بھی سامنے آ گیا ہے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 93 خوشاب۔1 سے پاکستان تحریک انصاف کے عمر اسلم خان 100448 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی امیدوار سمیرا ملک 70 ہزار 401 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ آزاد امیدوار ملک مظہر اقبال اعوان 32 ہزار 498 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔ حلقہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 4,28,736 ہے جبکہ 2,48,086 ووٹ کاسٹ ہوئے، ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 57.86 فیصد رہی۔واضح رہے اب تک کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پنجاب اسمبلی 269سیٹیوں میں سےپاکستان مسلم لیگ ن نے 129 سیٹیں جیت لی ہیں جب کہ پاکستان تحریک انصاف 122 سیٹیوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

آزاد امیدوار پنجاب اسمبلی کی 11 سیٹوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔جب کہ دوسری پارٹیوں نے 7سیٹیں جیتی ہیں۔ملک کے مختلف شہروں سے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔اب تک کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پہلے نمبر پر ہے جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن دوسرے نمبر پر ہے۔