کیمیائی مصنوعات انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہیں،صدف مرزا

جمعہ 27 جولائی 2018 17:10

لاہور۔27جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2018ء) پاکستانی نژادڈنمارک میں مقیم معروف شاعرہ ، ادیبہ وصحافی صدف مرزانے کہا ہے کہ کیمیائی مصنوعات انسانی صحت بالخصوص جلد اوربالوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہورہی ہیں،خوبصورت نظر آناانسانی فطرت ہے لیکن مختلف کیمیکلز کے بے تحاشہ استعمال سے کینسرجیسے مہلک امراض پیداہورہے ہیں،ان خیالات کا اظہارانہوں نے اردوسائنس بورڈ کے زیر اہتمام ’’ذوق جمال، فطرت اورسائنس ‘‘ کے موضوع پرخصوصی لیکچرسے خطاب کرتے ہوئے کیا،صدف مرزا نے کہا کہ یورپی ممالک اورامریکہ میں تحقیق کے بعد ان مضرصحت کیمیکلز پر پابندی لگائی جارہی ہے اوران کو ترک کیاجارہاہے جبکہ ہمارے ہاں ان کے نقصان دہ اثرات سے آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے استعمال بڑھتاجارہاہے، انھوں نے کہا کہ ہمارے ہاں خواتین لاعلمی میںاپنی روایتی اشیاء کی بجائے بازاری مصنوعات کا بلاوجہ اوربے دریغ استعمال کرتی ہیں،اکثر مصنوعات صرف عالمگیر صارفی معاشرے کی نفع اندوزی کی خاطر تیار کی جاتی ہیں ،ہر عمرکے افرادخاص طور پر خواتین کو خوبصورتی کے لیے عام بازاری کریموں کی بجائے قدرتی اجزاسے تیارکردہ گھریلواشیا استعمال کرنی چاہییں،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اردو سائنس بورڈ ڈاکٹر ناصر عباس نیّر نے کہا کہ بورڈ نے مختلف موضوعات پر لیکچرزکے ذریعے اپنے علمی وادبی تشخص کو اُجاگرکیاہے،انھوں نے کہا کہ صحت انمول نعمت ہے، فطرت کی قیمت پر ترقی خودانسان کے لیے وبال جان ہے، مہلک امراض سے بچائو کے لیے ہمیں فطرت کی طرف واپس لوٹنا ہوگااورصارفی معاشرے کے سلسلے میں شعورپیداکرناہوگا، لیکچر میںڈنمارک میں مقیم پاکستانی نژاد آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر ساجدہ، ڈاکٹر غافرشہزاد، ڈاکٹر شاہ زیب خاں، ڈاکٹر اورنگ زیب نیازی،نصراللہ، رفعت رفیق، آدم شیر، جنیدرضا، سدرہ صابر، شائستہ شریف اور مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء وطالبات، اساتذہ اورعام لوگوں کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :