من گھڑت ، جھوٹی خبروں کا تدارک ، پنجاب میں ہتک عزت قانون 2024 لاگو کرانے کا فیصلہ

منگل 14 مئی 2024 22:06

من گھڑت ، جھوٹی خبروں کا تدارک ، پنجاب میں ہتک عزت قانون 2024 لاگو کرانے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2024ء) پنجاب حکومت نے من گھڑت اور جھوٹی خبروں کے تدارک کیلئے پنجاب میں ہتک عزت قانون 2024ء لاگو کرانے کا فیصلہ کرلیا،پنجاب حکومت نے ہتک عزت قانون 2024 کا بل صوبائی اسمبلی میں پیش کر دیا،ہتک عزت آرڈیننس 2002 اس قانون کے اطلاق کے بعد سے تبدیل ہو جائے گا، ہتک عزت بل 2024 اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا، کمیٹی ہتک عزت بل 2024 پر اپنی سفارشات آئندہ دو روز میں پیش کرے گی۔

کمیٹی کی سفارشات کے بعد بل صوبائی اسمبلی میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا، اسمبلی سے منظوری کے بعد بل کا اطلاق صوبے میں فی الفور کر دیا جائے گا۔قانون کا اطلاق پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی ان جھوٹی اور غیر حقیقی خبروں پر ہوگا جس سے کسی فرد یا ادارے کا تشخص خراب ہو۔

(جاری ہے)

قانون کا اطلاق ان جھوٹی خبروں کے تدارک کیلئے کیا جائے گا جو کسی شخص کی پرائیویسی اور پبلک پوزیشن کو خراب کرنے کیلئے پھیلائی جائیں گی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے پیکا ایکٹ 2016 میں ترمیم کی منظوری دے دی تھی۔ مجوزہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) ایکٹ 2024کے تحت ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن ایجنسی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی تھی۔نیا تجویز شدہ پیکا بل 2024 کابینہ کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا، پیکا قانون ترمیمی بل کے تحت ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔