حافظ آباد،تحریک انصاف ملک کو اقوام عالم کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کلیدی مقام کا حامل بنائے گی،چودھری شوکت علی بھٹی

جمعہ 27 جولائی 2018 21:45

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جولائی2018ء) حلقہ این اے 87 سے پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رُکن قومی اسمبلی چودھری شوکت علی بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کو ترقی کی نئی منازل پر رواں دواں کرکے اسے اقوام عالم کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کلیدی مقام کا حامل بنائے گی۔ وہ وقت دُور نہیں جب پاکستان زندگی کے ہر شعبے میںحکومتی لازوال پالیسیوں کی بدولت خوب ترقی کرئے گا جس سے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وہ حلقہ این اے 87سے پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کے سلسلہ میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کے دوران کر رہے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ وقت آگیا ہے جس ملک پاکستان کو لٹیروں، چوروں، مفاد پرستوں اور ملک دشمن عناصر سے پاک کیا جائے۔عمران خاں کی قیادت میں نہ صرف ایسے عناصر کا خاتمہ ہوگا بلکہ احتساب کے عمل کو مزید بہتر بناتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی کو زیادہ فوقیت دی جائے گی۔ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے شروع ہوتے ہوئے فوارہ چوک پہنچی جہاںچودھری شوکت علی بھٹی اور مرکزی انجمن تاجران کے صدر شیخ محمد امجد نے خطاب کیا۔ اس موقع پرجیت کی خوشی میں زبردست آتش بازی بھی کی گئی ۔ بعد ازاں ریلی کے ۔بی پمپ سے ہوتے ہوئے برج دارا پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔