ْ ہوائی فائرنگ کیس، ندیم بارا سمیت آ ٹھ ملزمان پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

پیر 30 جولائی 2018 19:57

لاہور۔30جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے انتخابات کی جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں تحریک انصاف کے ایم پی اے ندیم بارا سمیت شریک ملزمان کوپانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا،عدالت نے تمام ملزمان کا فوری طبی معائنہ کرانے کے احکامات صادر کردئیے،تحریک انصاف کے گرفتار ایم پی اے ندیم باراسمیت آٹھ شریک ملزمان کو تفتیشی افسر نے سخت سکیورٹی میں انسداد دہشتگرد ی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ تحریک انصاف کے ایم پی اے کے ڈیرے پرانتخابات کی جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس موقع پر پہنچی تو انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا لہذا ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے،ایم پی اے ندیم بارا کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ قبضہ مافیا کے خلاف الیکشن جیتا اس لیے میرے خلاف کارروائی ہو رہی ہے،ملزم ندیم بارا نے کہا کہ پولیس اہلکاروں پر کوئی تشدد نہیں ہوا ،ہسپتال میں جعلی میڈیکل بنوائے گئے،کارکنوں کو گھروں سے اٹھا کر پولیس نے گرفتار کیااورانہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا لہذا عدالت ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرے ،جس پر عدالت نے ایم پی اے ندیم بارا سمیت شریک ملزمان کوپانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا،عدالت نے تمام ملزمان کا طبی معائنہ کرانے کے احکامات صادر کردئیے۔