مسلم لیگ (ن) امیدوار قومی اسمبلی بابر نواز کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست ریٹرننگ آفیسر نے خارج کر دی

پیر 30 جولائی 2018 20:13

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے امیدوار قومی اسمبلی بابر نواز خان کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست ریٹرننگ آفیسر نے خارج کر دی، سماعت کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی اور امیدوار حلقہ این اے 17 بابر نواز خان نے ریٹرننگ آفیسر فہیم افضل کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست دے رکھی تھی جس پر ریٹرننگ آفیسر نے سوموار کا دن درخواست کی سماعت کیلئے مقرر کیا تھا۔

ریٹرننگ آفیسر کے پاس درخواست گذار بابر نواز خان اور پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار عمر ایوب خان کے وکلاء نے تفصیلی بحث کی تاہم ریٹرننگ آفیسر دونوں جانب سے وکلاء کی بحث سننے کے بعد بابر نواز خان کی جانب سے دی گئی دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواست مسترد کر دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری ریٹرننگ آفیسر کے دفتر اور گردونواح میں تعینات رہی۔ دوسری جانب درخواست گذار بابر نواز خان نے چمن پارک میں اپنے سپورٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس دھاندلی کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں لیکن ہمیں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروانے کا موقع فراہم نہیں گیا گیا، ہم بہت جلد دیگر امیدواروں اور ووٹرز کی مشاورت سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔