جدید زرعی ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کیلئے فارمر ڈیز جیسی آگہی مہم شروع کی جائے، ڈپٹی کمشنر

منگل 31 جولائی 2018 23:58

لیہ۔ 31جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2018ء) کاشت کاروں کو بہتر پیداوار کے حصول کے لیے زیادہ پیداواری صلاحیتوں کے حامل بیجوں سے آگہی اور جدید زرعی ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کے لیے فارمر ڈیزجیسی آگہی مہم شروع کی جائے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نسوانہ نے زرعی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع حافظ محمد اشرف کندی نے گزشتہ ماہ کے دوران فارمرز ڈیز ،کھادوں ،زرعی ادویات اورمٹی کے نمونہ جا ت حاصل کرکے تجزیہ کے لیے بجھوانے وکسان کارڈ کی فراہمی ایسے امور کے بارے میں بریفنگ دی۔

اے ڈی پلانٹ پروٹیکشن اعجاز قیصرانی نے فیل شدہ نمونہ جات کے مقدموں کے پیش رفت ،ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر محمد شہزاد ملک نے عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات پر پیش رفت،ڈی ایس پی طاہر مقصود نے مقدمات کو یکسو کرنے، اسسٹنٹ ایگریکلچرکیمسٹ محمد اشرف بھٹی نے مٹی اور پانی کے تجزیہ اور کاشتکاروں کو آگہی کے بارے میں بتایا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں ہدایت کی کہ جعلی،غیر معیاری ،بلالائسنس کھاد اور بیج کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کے لیے مجسٹریٹس کی تعداد میں اضافہ کیاجائے اور فارمرز ڈیز کے ذریعے کاشتکاروں کو ان کی اراضی کی مطابقت سے فصلوں کی کاشت کے بارے میں آگہی دی جائے تاکہ ضلع میں زیادہ پیداوار کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔

اجلاس میں زراعت آفیسر کروڑ شہباز حسین و کوٹ سلطان محمد صدیق ،زراعت آفیسر ٹیکنکل راشد علی ،یونٹ سپروائزر راجہ عقیل افتخار ، زراعت آفیسربائیولیب محمد اقبال بھٹی و دیگر نے شرکت کی۔