سیکرٹری زراعت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ زراعت کا یکم تا7 اگست سے ’’جڑی بوٹی مار‘‘ مہم شروع

بدھ 1 اگست 2018 20:23

لاہور۔یکم اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2018ء) واصف خورشیدسیکرٹری زراعت پنجاب کی ہدایت پرمحکمہ زراعت کے زیر اہتمام جڑی بوٹیوں کی موثر تلفی کی اہمیت کے پیش نظریکم تا7 اگست " جڑی بوٹی مکائو۔۔۔پیداوار بڑھائو" مہم شروع ہو چکی ہے۔اس موقع پر اڈایپٹوریسرچ فارم شیخوپورہ میں سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا جس میں بینش فاطمہ ساہی،ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس)،سید ظفریاب حیدر،ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)،شیر محمد شراوت ڈائریکٹر لاہور ڈویژن سمیت کسان تنظیموں کے نمائندگان نے بھی خصوصی شرکت کی۔

سیکرٹری زراعت پنجاب کے حکم سے جاری اس مہم میں محکمہ زراعت پنجاب کا تمام عملہ اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوں گے۔اس مہم کے تحت گائوں کی سطح پر کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں تاکہ کاشتکاروں کو جڑی بوٹیوں کے نقصانات بارے آگاہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

سمینار کے موقع پر ماہرین نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ جڑی بوٹیاں پیداوار میں کمی کا باعث بننے کے علاوہ کاشتکار کے پیداواری اخراجات میں بھی اضافہ کرتی ہیں اور غذائی اجزاء ، پانی ،روشنی کے حصول میں فصل کے پودوں سے مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ ضرر رساںکیڑے مکوڑوں کی پناہ گاہ کا کام سر انجام دیتی ہیں۔

بعض جڑی بوٹیاں انسان ،جانور،آبی حیات کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیںاور زہریلے کیمیائی مرکبات کا اخراج کرتی ہیں۔اسی لئے محکمہ زراعت پنجاب جڑی بوٹی مکائو مہم کے دوران سکولوں،کالجوں،دفاتر،سرکاری و نجی مقامات پر عوام کو آگاہی فراہم کرے گا۔اس کے علاوہ ہر تحصیل اور ضلع کی سطح پر آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔اس موقع پربینش فاطمہ ساہی ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس) نے امید ظاہر کی کہ عوام اس مہم میں محکمہ زراعت پنجاب کے شانہ بشانہ شریک ہوں گے اور اس مہم کو کامیاب بنائیں گے۔اس مہم کے دوران باغات،فصلات اور اردگرد کے ماحول کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھا جائے گا جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور کاشتکار کی آمدن بڑھنے سے ملکی معیشت مستحکم ہو گی۔

متعلقہ عنوان :