محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام ہفتہ جڑی بوٹی مکائو پیداوار بڑھائو مہم کا آغاز ہو گیا

بدھ 1 اگست 2018 21:46

خانیوال۔یکم اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع خانیوال میں محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام ہفتہ جڑی بوٹی مکائو پیداوار بڑھائو مہم کا آغاز ہو گیا جو 7 اگست 2018 تک جاری رہے گی مہم کا افتتاح مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر عبد الجبار نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع خانیوال کے دفتر میں باقاعدہ جڑی بوٹی تلف کر کے کیا اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سردار جمیل احمد ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا حبیب احمد ،ٹیکنیکل اسسٹنٹ منظور احمد گل سمیت محکمہ زراعت کے افسران و ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر عبد الجبار نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے محکمہ زراعت کے افسران وفیلڈسٹاف کاشتکاروں کو بھر پور آگاہی فراہم کریں تاکہ اس کے 100 اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیاں فصل کی پیداوار میں 15 تا 40 فیصد کمی کا باعث بنتی ہیں جبکہ یہ پودوں اور فصل کی خوراک ، پانی وغیرہ میں حصہ دار بن جاتی ہیں جس سے کاشتکاروں اور کسانوں کا معاشی نقصان ہوتاہے جڑی بوٹیاں نہ صرف دشمن کیڑوں کی آماجگاہ بن جاتی ہیں بلکہ فصل میں بیماریوں کا باعث بھی ہوتی ہیں کھالوںاور آبی گزر گاہوں میں جڑی بوٹیاںاگ کر پانی میں نہ صرف آلودگی پھیلاتی ہیں بلکہ انکے بیج پانی کے ساتھ کھیت میں پہنچ جاتے ہیں جسکی وجہ سے انکی افزائش نسل ہوتی رہتی ہے جو کہ کافی نقصان دہ ثابت ہوتی ہے اور کاشکار کے پیداواری اخراجات میںبھی اضافہ کرتی ہیں، غذائی اجزاء ، پانی روشنی کے حصول میں فصل کے پودوں سے کیڑے مکوڑوں کی پناہ گاہ کاکام سر انجام دیتی ہیں جس سے فصل کی پیداوار میں کافی کمی واقع ہوتی ہے اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر سردار جمیل احمداور اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا حبیب احمدنے بھی خطاب کیا اور اس مہم کے اغراض و مقاصد سے شرکاء کو تفصیلی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر عبد الجبار خانیوال نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع خانیوال کے دفتر میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کاآغاز کیا ۔