بھارتی میگزین کے سرورق پر سہانا خان کی تصویر پر تنقیدکا طوفان

جمعہ 3 اگست 2018 14:46

بھارتی میگزین کے سرورق پر سہانا خان کی تصویر پر تنقیدکا طوفان
ممبئی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2018ء) بھارت کے مشہور میگزین ’ووگ انڈیا‘ کے حالیہ شمارے کے سرورق پر اداکارہ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کے فوٹو شوٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کنگ خان نے اکتیس جولائی کو اپنی ایک ٹوئیٹ میں ووگ انڈیا کا سرورق شیئر کرکے اپنی بیٹی کو سراہا تھا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر میگزین کے سرورق پر سہانا خان کی تصویر کو ’اقربا پروری‘ قرار دیتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ وہ کوئی اسٹار نہیں اور نہ ہی ان کے کریڈٹ پر کوئی فنی کامیابیاں ہیں، لیکن صرف شاہ رخ خان کی وجہ سے سہانہ کو اسٹار قرار دیا جارہا ہے۔

ایک بھارتی صحافی کرنیکا کوہلی نے ووگ انڈیا کے سرورق پر لکھے گئے الفاظ کو دہراتے ہوئے لکھا کہ طالبہ، تھیٹر پسند، مستقبل کی اسٹار اور اسٹار کی بیٹی کے لیے تب تک پیسہ خرچ کریں گے جب تک کہ وہ اسٹار نہیں بن جاتیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں انہوں نے بالی ووڈ ہدایتکار کرن جوہر کو بھی تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ اقربا پروری کی انتہا ہے۔بھارتی ٹی وی اداکارہ بھومیکا چڈا نے بھی اپنی ٹوئیٹ میں خفگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ جب سہانا خان ووگ انڈیا آفس گئیں تو ان کو کسی نے نہیں کہا ہوگا کہ آپ مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتیں۔

واضح رہے کہ 18 سالہ سہانا خان ایک سٹوڈنٹ ہیں اور انھوں نے اب تک بالی وڈ میں کوئی فلم نہیں کی تاہم کرن جوہر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ سہانا کو بالی ووڈ میں متعارف کرائیں گے۔