ریکارڈ کے ٹوٹنے پر پریشان نہیں ہوں ،ْ دنیا کے بہترین کھلاڑی نے ریکارڈ برابر کیا ہے جو اس کا بہترین حقدار ہے

شاہد آفریدی کا کرس گیل کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ برابر کر نے پر رد عمل کا اظہار امید ہے ایک دن ہم دونوں سنگل وکٹ کھیلیں گے ،ْ پھر دیکھیں گے کہ کون زیادہ چھکے لگاتا ہے ،ْ آفریدی کا چیلنج

اتوار 5 اگست 2018 14:10

جمیکا /کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2018ء) پاکستانی آل رائونڈر سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے گرس گیل کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ برابر کر نے کے رد عمل میں کہا ہے کہ ریکارڈ کے ٹوٹنے پر پریشان نہیں ہوں ،ْ دنیا کے بہترین کھلاڑی نے ریکارڈ برابر کیا ہے جو اس کا بہترین حقدار ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل نے شاہد آفریدی کا سب سے زیادہ 476 چھکے لگانے کا ریکارڈ برابر کردیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر بوم بوم نے گیل کو چیلنج کیا ہے۔

کرس گیل نے بنگلہ دیش کے خلاف ایک روز میچز کی سیریز میں سابق کپتان شاہد آفریدی کا سب سیزیادہ 476 چھکوں کا ریکارڈ برابر کیا ہے۔ریکارڈ برابر کرنے کے بعد کرس گیل کا کہنا تھا کہ شاہد اور میرا زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ برابر ہوگیا ہے اور اب اس کے بعد میں مزید کوئی چھکا نہیں لگاؤں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم زیادہ چھکے لگانے والے، انٹرٹینر ہیں اور آفریدی کے ساتھ بڑے ریکارڈ میں شریک ہونا بہت اچھا ہے لہٰذا بوم بوم کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیوں کہ ریکارڈ محفوظ ہے۔

اس کے جواب میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں اس ریکارڈ کے ٹوٹنے پر پریشان نہیں ہوں کیوں کہ دنیا کے بہترین کھلاڑی نے ریکارڈ برابر کیا ہے جو کہ اس کا بہترین حقدار ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ایک دن ہم دونوں سنگل وکٹ کھیلیں گے اور پھر دیکھیں گے کہ کون زیادہ چھکے لگاتا ہے اور اس گیم کا اصول یہ ہوگا کہ اس میں کوئی آؤٹ نہیں ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز نے شاہد آفریدی کے چیلنج کا کوئی جواب نہیں دیا ہے لیکن ان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا ہے۔