کاشتکاروں کی ہرممکن رہنمائی اوربہترین سروسز فراہم کرنے کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کو محنت اور جانفشانی سے فرائض انجام دینے چاہیں ۔نگران صوبائی وزیر زراعت وخوراک

جمعرات 9 اگست 2018 23:29

فیصل آباد۔9 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2018ء) نگران صوبائی وزیر زراعت وخوراک سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کی ہرممکن رہنمائی اوربہترین سروسز فراہم کرنے کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی ڈیوٹی انتہائی ذمہ داریوں کی متقاضی ہے جنہیں محنت اور جانفشانی سے فرائض انجام دینے چاہیں تاکہ محکمہ کی ساکھ میں مزید اضافہ اور مطلوبہ اہداف بھی حاصل ہوسکیں۔

انہوں نے یہ بات اپنے دورہ فیصل آباد کے دوران سرکٹ ہائوس میں ڈویژن بھر کے محکمہ زراعت کے افسران سے میٹنگ کرتے ہوئے کہی۔ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید،ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ڈاکٹرعامر رسول،ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ منشا علی کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔نگران صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ ڈویژنل وضلعی سطح پر زرعی مشاورتی کمیٹی کوفعال ومتحرک رکھا جائے تاکہ محکمہ کی کارکردگی پر نظر رکھنے کے علاوہ کسانوں سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز کی تجاویز ومشاورت سے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈویژن میں فصلوں کی تازہ ترین صورتحال،کھادوں کی قیمت،کسانوں کے لئے مراعات،انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ،سوائل سمپلنگ کے اہداف،زرعی قرضہ جات کی فراہمی ودیگر امور سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو جدید طریقہ کاشتکاری اور پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہ کرنے کے لئے تربیتی پروگرامز کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت نے زرعی شعبے کے ٹارگٹس اور اب تک کی پیشرفت سے تفصیلی آگاہ کیااوربتایا کہ ڈویژن میں 36لاکھ ایکڑ اراضی پرفصلیں کاشت کی جاتی ہیں اوررواں سیزن میں ایک لاکھ 70ہزار ایکڑ پر کپاس کی فصل کاشت کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک زرعی زمینوں کے 2لاکھ سمپلز اکٹھے کرکے لیبارٹری ارسال کئے گئے ہیں۔انہوں نے ڈویژن میں شوگر کین،گندم کی فصل کی صورتحال،ربیع اورخریف کی فصلوں کے لئے بلاسود قرضہ جات کی فراہمی،زرعی مشینری کی سبسڈی پر تقسیم کے علاوہ امرود وکینو کے باغات اورجدید طریقہ آبپاشی پربریفنگ دی۔

انہوں نے سفید مکھی کے تدارک کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔دریں اثناء نگران صوبائی وزیر زراعت وخوراک سردار تنویرالیاس نے محکمہ خوراک کے افسران سے بھی میٹنگ کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک خالد عباس سیال نے صوبائی وزیر کو محکمانہ امور پر بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ ڈویژن میں اس وقت گندم کا ایک لاکھ 98ہزارمیٹرک ٹن سٹاک موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ چاروں اضلاع میں 61فلورملز فنکشنل ہیں۔انہوں نے محکمہ خوراک کے بعض گودامز کی خستہ حالی ودیگر درپیش چیلنجز سے بھی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :