بھارت سے رہائی پانے والی14 پاکستانی ماہی گیر کراچی پہنچ گئے

وطن پہنچنے کی خوشی میں ماہی گیر کراچی کینٹ سٹیشن پر سجدہ ریز ،اہلخانہ فرط جذبات سے آبدیدہ ہو گئے چیئرمین فشر مینز کوآپریٹیو سوسائٹی عبدالبر نے ماہی گیروں کا استقبال کیا، 10ہزار روپے فی کس امدادی رقوم بھی تقسیم کیں

جمعہ 10 اگست 2018 23:32

بھارت سے رہائی پانے والی14 پاکستانی ماہی گیر کراچی پہنچ گئے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2018ء) بھارتی قید سے رہائی پانے والی14پاکستانی ماہی گیر جمعہ کو کراچی پہنچ گئے،اوروطن پہنچنے کی خوشی میں ماہی گیرکراچی کینٹ اسٹیشن پر سجدہ ریز ہو گئے ،رہائی پانے والے ماہی گیروں کے اہل خانہ فرط جذبات سے آبدیدہ ہو گئے ،چیئرمین فشر مینز کوآپریٹیو سوسائٹی عبدالبر نے رہائی پانے والے ماہی گیروں کا استقبال کیا اور ان میں 10ہزار روپے فی کس امدادی رقوم تقسیم کیں۔

رہائی پانے والے ماہی گیروں میں تین نو عمر ماہی گیر بھی شامل ہیں،چیئرمین فشر مینز کوآپریٹیو سوسائٹی عبدالبر نے رہائی پانے والے ماہی گیروں کے خاندانوں کو مبارکباددی ، ماہی گیروں کے اہل خانہ نے چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر کا شکریہ ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت نے فروری 2016میں گرفتارہونے والے 14ماہی گیروں کو رہا کردیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی حکام نے رہائی پانے والے ماہی گیروں کو واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا۔بعدازاں انہیں ایدھی سینٹر لاہور منتقل کر دیا گیا تھا۔جہاں سے وہ جمعہ کے روز کراچی کینٹ اسٹیشن پہنچے ،اس موقع پر چیئرمین فشر مینز کوآپریٹیو سوسائٹی عبدالبر ،مینجر شوکت حسین ،مینجر ویلفئر غلام رسول شیخ و دیگر موجود تھے۔ چیئرمین فشر مینز کوآپریٹیو سوسائٹی عبدالبر نے رہائی پانے والے ماہی گیروں کا استقبال کیا اور ان میں فی کس دس ہزار روپے امدادی رقوم تقسیم کیں۔

رہائی پانے والے ماہی گیروں میں عبدالغفور ولد حاجی صدیق، عبدالرزاق ولد محمد عثمان کاتیار، علی محمدولد یعقوب کاتیار،علی اصغر ولد یعقوب کاتیار،حسین ولد یعقوب کاتیار،ابوبکر ولد عباس ،محمد ولد حاجی ابراہیم کاتیار، جمیل ولد جان محمد،عبدالعزیز ولد محمد حسین،صدیق ولد محمد حسین،سکندر علی ولد محمد یعقوب مرگر،دیدار ولدسومار چانڈیو ،رمضان ولد حمبو ملاح اور مجید ملاح بگھان کے نام شامل ہیں۔

کراچی کینٹ اسٹیشن پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین فشر مینز کوآپریٹیو سوسائٹی عبدالبر نے کہا کہ رہائی پانے والے چودہ ماہی گیروں کے بعد ابھی بھی 103پاکستانی ماہی گیر بھارت کی قید میں ہیں جن کی جلدرہائی کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔ جبکہ پاکستانی ماہی گیروں کی بھارتی قبضے میں موجودکشتیوں کی واپسی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔چیئرمین عبدالبر نے مزید کہا کہ غریب ماہی گیر دہشت گرد نہیں ہیں یہ اپنی روزی روٹی کمانے کے لیے کھلے پانیوں میں جاتے ہیں مگرمتنازعہ سمندری حدود کے قریب سے بھارتی فورسز انہیں گرفتار کر لیتی ہے اور انہیں ان کی کشتیوں سے بھی محروم کر دیا جاتا ہے جوکہ ماہی گیروں کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف سی ایس اپنے ماہی گیروں کو مکمل سپورٹ فراہم کرتی ہے۔#