یوم آزادی ہمیں اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، اس دن ہر شہری نئے جذبے کے ساتھ ملکی تر قی کا عہد کرے ،کمشنر ژوب ڈویژن بشیر خان بازئی

ہفتہ 11 اگست 2018 18:36

لورالائی۔10 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2018ء) کمشنر ژوب ڈویژن بشیر خان بازئی نے کہا ہے کہ14 اگست کو یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا جا ئے گا، یوم آزادی ایک اہم دن ہے جو ہمیں اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، اس دن ملک کا ہر شہری نئے جذبے کے ساتھ ملک کی تر قی کا عہد کرے اور اپنے حصے کا کردار اداکرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی(14 اگست 2018ء ) کی تیاریوں کا جا ئزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لورالائی اعجاز احمد ، ،اسسٹنٹ کمشنر ریونیوژوب ڈویژن رحمت اللہ قیصرانی ، ڈائریکٹر ایجوکیشن ژوب ڈویژن ملامحمد عمرانی ،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمشن ژوب ڈویژن سید تنویر اختر،ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ پولیس لورالائی عبدالمجید دستی ،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لورالائی موسیٰ خان لونی ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لورالائی امیرشاہ بخاری ،سپورٹس آفیسر ظفراللہ شاہ ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفارمشن امیر جان لونی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لورالائی اعجاز احمد نے اجلاس کو بتایا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی 14 اگست کو یوم آزادی کی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس لورالائی کے احاطے میں منعقد کی جائے گی جس کے مہمان خصوصی کمشنر ژوب ڈویژن ہو ں گے۔ تقریب کا آغاز قومی ترانہ و پر چم کشائی سے ہو گا، مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات حمد ونعت ،ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کریں گے،اردو اور انگریزی میں یوم آزادی کے حوالے سے تقاریر کی جائیںگی جس میں یوم آذادی کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا ۔

ڈویژنل ہیڈکواٹر ہسپتال میں زیر علاج مریضو ں میں تحائف جبکہ ڈسٹرکٹ جیل لورالائی کے قیدیوں کے لیے لنگر کا انتظام کیا جائے گا ۔کمشنر ژوب ڈویژن بشیر بازئی نے شرکاء سے کہا کہ آزادی ایک بڑی نعمت ہے اس کی قدر ان سے معلوم کر یں جن کو یہ نعمت نصیب نہیں ۔ ہمیں قربانیوں کے ایک آزاد وطن ملا ہے اس کی حفاظت اور ترقی کے لیے کوشش کر نا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے یو م آزاد ی کے موقع پر سرکاری عمارتوں پر چراغاں کرنے اور شہر میں صفائی کے خصوصی اقدامات کر نے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لورالائی شہر میں بہترین سجاوٹ کرنے والے دکانداروںکو انعامات دیے جائیں گے اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لورالائی کی سربراہی میں کمیٹی بھی بنائی گئی۔

متعلقہ عنوان :