فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی قائمہ کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس

اتوار 12 اگست 2018 22:00

فیصل آباد۔12 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2018ء) الیکٹرانک ،الیکٹریکل اپلائنسز ، الیکٹرک سٹور اینڈ کچن اپلائنسز ، ہول سیل الیکٹرانکس ڈیلرز اور موٹرسائیکل ڈیلرز اینڈ سپیئر پارٹس بارے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی قائمہ کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس چیئرمین رانا محمد سکندر اعظم خاں کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں متعلقہ سیکٹرز کو درپیش مسئلوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا سکندر اعظم خاں نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کا چھ رکنی وفد باکو اور تاشقند کے چھ روزہ دورے پر جارہا ہے ۔ جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ موٹر سائیکل کی رجسٹریشن میں غیر ضروری تاخیر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سابق ڈپٹی کمشنر نسیم صادق کے دور میں موٹر سائیکل کی کاپی سات دن میں بن جاتی تھی مگر اب کئی کئی ماہ تک کاپی نہیں ملتی اور اس دوران موٹر سائیکل خریدنے والوں کو بار بار چالان کرانے پڑتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ یا تو رجسٹریشن بک فوری طور پر جاری کی جائے یا اس عرصہ کے دوران چالان کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اس مسئلے پر ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے دو ملاقاتیں کر چکے ہیں جبکہ انھیں فیصل آباد چیمبر کے دورے کی دعوت بھی دی گئی ہے تاکہ اس مسئلے کا کوئی قابل عمل حل تلاش کیا جا سکے۔ رانا سکندر اعظم نے انسٹالمنٹ کے بزنس کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ہر کوئی اپنے گلی محلے میں انسٹالمنٹ کا کاروبار کر رہا ہے حالانکہ ان میں سے اکثر کے پاس سرمایہ بھی نہیںہوتا ۔

یہ لوگ چین کا غیر معیاری سامان انسٹالمنٹ پر دیتے ہیں جس کی وجہ سے برانڈڈ چیزوں کا کاروبار کرنے والوں کی بدنامی ہوتی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے ذریعے اس کاروبار کو ریگولیٹ کرے۔ آخر میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے آئندہ انتخابات کیلئے ایسوسی ایشن کی طرف سے حبیب الرحمن گل کو ایگزیکٹو کمیٹی کیلئے نامزد بھی کیا گیا۔

اس اجلاس میں شہباز گل ، حبیب الرحمن، محمد وقاص، غضنفر علی ملک، چوہدری امانت علی، امتیازمحمود، ثاقب اکرام، شوکت علی، احسان سکندر، اسرار احمد، محمد انور ، مقصود احمد، عدیل اکرام، عبدالوحید، فارق احمد گل، فیصل عظیم باجوہ، نعیم اللہ، محمد علی ، سرفراز احمد، نسیم اختر اور محمد خالد نے بھی شرکت کی۔