Live Updates

قوم نے عمران خان پر جو ذمہ داری ڈالی ہے وہ اس پر پورا اتریں گے، شیخ رشید احمد

پیر 13 اگست 2018 14:22

قوم نے عمران خان پر جو ذمہ داری ڈالی ہے وہ اس پر پورا اتریں گے، شیخ رشید ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قوم نے عمران خان پر جو ذمہ داری ڈالی ہے، وہ اس پر پورا اتریں گے، پاکستان اور اس کے اداروں کو مضبوط سے مضبوط تر اور بہتر بنائیں گے، نئی حکومت جمہوریت کو آگے بڑھائے گی اور اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے، جو کہتے تھے کہ شیخ رشید اسمبلی میں نہیں ہو گا وہ دیکھ لیں کہ شیخ رشید اسمبلی میں ہے اور وہ خود باہر بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

حلف برداری کے بعد پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی پیشنگوئی کر رہا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی اکٹھے نہیں چل سکیں گے، پہلے جب پیشنگوئی کی تھی کہ عمران خان 100 سے زائد سیٹیں لے گا اس وقت بھی لوگ مذاق کرتے تھے لیکن یہ سچ ثابت ہوا۔ راولپنڈی کے ووٹرز کا احسان مند ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ غریبوں کی آواز بنوں گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے مولانا فضل الرحمن کو مسترد کیا۔ فضل الرحمن کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور لال حویلی میں جشن آزادی کی مناسبت سے اتحادیوں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینئر سیاستدان ہوں عمران خان جو بھی ذمہ داری دے گا وہ قبول کروں گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات