یوم آزادی کا دن ہمیں اتحاد اور اتفاق کا درس دیتا ہی: جان محمد بلوچ

چیئرمین بلدیہ ملیر نے ڈپٹی کمشنر ملیر کے ہمراہ جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز قومی پرچم لہرا کر کیا

منگل 14 اگست 2018 18:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے بلدیہ ملیر کے مرکزی دفتر اور ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈپٹی کمشنر ملیر لیفٹنٹ (ر) عابد علی کے ہمراہ 71 ویں جشن آزادی کا استقبال پر وقار انداز میں پاکستان کا قومی پرچم لہرا کر کیا ، چیئر مین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے تقریب پرچم کشائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کاثمر ہے اس کی تعمیر وترقی ، بقا ء ، استحکام اور قوم کی خدمت ہماری حیات کا مقصد ہے ، ملک وقوم کی خدمت عبادت سمجھ کر کرتے ہیں ، یوم آزادی کا دن ہمیں اتحاد اور اتفاق کا درس دیتا ہے ، ملک وقوم کی خدمت اور تعمیر وترقی کیلئے کوشاں رہنا ہر شہری کا بنیادی فریضہ ہے، پاکستان کے حصول کیلئے ہمارے بزرگوں نے بلا تفریق رنگ و نسل تفرقات سے بالا تر ہو کر ایک قوم بنکر جدوجہد کی تھی اور لاکھوں جانوں اپنی املاک اور اپنی جا ئیدادوں کی قربانیاں دیکر اپنی آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کیلئے آزاد اور خود مختار پاکستان کی بنیاد رکھی ۔

(جاری ہے)

آج یوم پاکستان کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کی تعمیر وترقی ،استحکام ،بقا ء ،خوشحالی اور قوم کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریںگے۔ ڈپٹی کمشنر ملیر لیفٹنٹ (ر) عابد علی نے کہا ہے کہ 14 اگست تجدید عہد کا دن ہے کہ جہد مسلسل اور لاکھوں قربانیوں کے ثمر میں حاصل ہونے والے مملکت خداد کی تعمیر و ترقی، خوشحالی، بہبود اور استحکام کیلئے اپنی تمام پیشہ ورانہ صلاحیتوں ، تجربے اور مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرینگے۔

میونسپل کمشنر بلدیہ ملیر عمران اسلم نے کہا کہ ہم انتہائی خوش قسمت ہیں کہ ہمارا تعلق ایسے محکمے سے ہے جس کا براہ راست تعلق ملک کی تعمیر وترقی اور عوام کی خدمت سے ہے آج یوم آزادی کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت اور تعمیر و ترقی کیلئے مصروف عمل رہینگے۔اس موقع پر SSP ملیر منیر شیخ، SSP ٹریفک طاہر نورانی، اراکین کونسل بلدیہ ملیر امانت ضیاء ، لیاقت بلوچ، سعید خان افغان، معراج محمد خان، عبدالرحمن ، فیصل بخاری، زیب النساء بلوچ، سائرہ بلوچ، گل مختیار، ناہیدہ نور ، ڈائریکٹر ایجوکیشن واثق ظفرو دیگر افسران اور اسکائوٹس کمشنر سندھ طاہر شیخ اور اسکائوٹس بوائز بھی موجود تھے۔

بعد ازاںچیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے اراکین کونسل کے ہمراہ محکمہ ایجوکیشن کی جانب سے بلدیہ گرلز اینڈ بوائز پرائمری اسکول داود گوٹھ میںجشن آزادی کی تقریب میں شرکت کی، بچوں نے تقریب میں قومی ترانہ ، ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے جبکہ ملک کی تعمیر و ترقی کیلیے دعا کی گئی اسکولوں کے بچوں میں مٹھائی، جوس، پاکستانی پرچم، بیجز ، اسکول اساتذہ اور بچوں میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں ، بلدیہ ملیر کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر فٹبال شو میچ ،سائیکل ریس اور آل کراچی فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی کیا گیا،حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے نقد انعامات، ٹرافیز اور میڈلزبھی دیئے گئے، ہسپتالوں میں مریضوں کی عیادت کی اور تحائف بھی تقسیم کئے، یوسی 1 کوسٹل ہائی وے پر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا ۔