امریکی الیکٹرانک مصنوعات کا بائیکاٹ کریں گے، ترک صدر

بدھ 15 اگست 2018 10:00

انقرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ترکی امریکی الیکڑونکس کا بائیکاٹ کرے گا۔ ترک خبررساں ادارے کے مطابق جناب اردوان نے اقتصادی و سماجی تحقیقاتی سوسائٹی کی طرف سے انقرہ ایوان تجارت میں منعقدہ اقتدار کے سولہویں برس اپنی پارٹی کے سمپوزیم سے خطاب کیا۔ امریکا کی پابندیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اردوان نے کہا کہ یہ کھلم کھلا ترکی کے خلاف اقتصادی جنگ ہے جس کے خلاف ہم تمام تر تدابیر اختیار کر رہے ہیں۔

ترک معیشت کے ہر گزرتے دن ترقی حاصل کرنے کا اشارہ دینے والے جناب اردوان نے کہا کہ روزگار کے مواقع اور شعبہ سیاحت کے حوالے سے ہم ایک ریکارڈ دور سے گزر رہے ہیں، آج ہمارا ملک ہر اعتبار سے دنیا کے مضبوط ترین بینکاری نظام کا مالک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکا نے کئی ایک ممالک کے خلاف اقتصادی جنگ کھڑی کر رکھی ہے، ہمارے ملک کے خلاف یہ آپریشن کہیں زیادہ بڑا ہے۔

اردوان نے کہا کہ ترک لیرے کے وقار کا تحفظ کرنا ان سازشوں کے خلاف بہترین جواب ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم امریکی ساخت کی الیکڑونک مصنوعات کا بائیکاٹ کریں گے، اس ہفتے مغربی ممالک اور عالمی سطح پر ہماری کئی ملاقاتیں اور مذاکرات سرانجام پائیں گے۔ بعض دوست ممالک نے ہمارے ساتھ اس حوالے سے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :