دُبئی: بارہ سالہ بچی سے جنسی چھیڑ چھاڑ پر پاکستانی نوجوان کو سزا

19 سالہ نوجوان نے بچی کو ایک سُپر مارکیٹ میں جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 15 اگست 2018 11:44

دُبئی: بارہ سالہ بچی سے جنسی چھیڑ چھاڑ پر پاکستانی نوجوان کو سزا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 اگست 2018ء) دُبئی کی مقامی عدالت نے ایک پاکستانی نوجوان کو جنسی ہراسگی کے الزام میں تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا ۔ ملزم پر ایک بارہ سالہ بچی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا جُرم ثابت ہو گیا۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق ملزم اپنی تین ماہ کی سزا بھُگتنے کے فوراً بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ یہ واقعہ 12 جُون 2018ء کو انٹرنیشنل سٹی میں پیش آیا۔

جنسی ہراسگی کی شکار 12 سالہ بچی نے بتایا کہ اُس کا تعلق چین سے ہے اور وہ اپنے ماں باپ کے ہمراہ دُبئی میں مقیم ہے۔ ’’وقوعے کے روز میں دوپہر کے وقت رہائش گاہ کے قریبی سُپرمارکیٹ سے کینڈیز خریدنے گئی۔ جہاں ایک نوجوان نے میرا ہاتھ پکڑ لیا اور پھر مجھ سے میری عمر کے بارے میں پُوچھنے لگا۔ اچانک اُس نے میرے ہاتھ کو چُوما اور مجھے زبردستی قریب کی ایک شیلف کی اوٹ میں کھینچ لیا۔

(جاری ہے)

اُس نے مجھے کہا کہ میں اُسے بہت پیاری لگی ہوں اور وہ کچھ دیر میرے ساتھ رہنا چاہتا ہے۔ میں اُس کی باتیں سُن کر خوفزدہ ہو گئی اور اُسے کہا کہ مجھے چھوڑ دے۔ پھر اچانک میں اُس سے اپنا آپ چھُڑا کر بھاگ کھڑی ہوئی اور گھر جا کر اپنے والد کو ساری بات بتائی۔جنہوں نے واقعے کی اطلاع پولیس کو کر دی۔ ‘‘لڑکی نے تفتیشی افسران کو بتایا کہ وہ پہلے بھی اس سُپر مارکیٹ میں اکیلی جاتی رہتی تھی‘ مگر ایسا واقعہ اُس کے ساتھ پہلی بار ہوا ہے۔

واقعے کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ وہ انٹرنیشنل سٹی پہنچے اور وہاں لڑکی کے والد سے بات کی ۔ جب پولیس کی گاڑی شاپنگ مال پہنچی تو ملزم اُسے دیکھ کر وہاں سے فرار ہو گیا۔ تاہم پانچ گھنٹوں بعد اُس کی گرفتاری عمل میں آ گئی۔ گرفتاری کے وقت وہ بہت پریشان اور خوفزدہ دکھائی دیتا تھا۔ اُس نے فوری طور پر اعتراف کیا کہ اُس نے لڑکی کو گلے لگایا تھا اور اُس کا ہاتھ چُوما تھا۔

تفتیشی افسران کے مطابق ملزم کی گرفتاری کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کے باعث عمل میں آئی۔ ملزم نے دورانِ تفتیش یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ علاقے کے دُوسرے بچوں کے ساتھ بھی اس نوعیت کی حرکات کا ارتکاب کر چکا ہے۔ اگرچہ ملزم عدالت جا چکا ہے تاہم استغاثہ کی جانب سے ملزم کے خلاف جنسی ہراسگی کے مزید کیسز میں کارروائی کے لیے ثبوت اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔