پاکستان میں مالی سال2017-18 میں سب سے زیادہ منافع برطانوی سرمایہ کاروں نے کمایا

چینیوں نے سرمایہ کاری تو سب سے زیادہ کی لیکن منافع کمانے میں پہلے نمبر پر نہیں آئے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان

بدھ 15 اگست 2018 13:03

پاکستان میں مالی سال2017-18 میں سب سے زیادہ منافع برطانوی سرمایہ کاروں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) پاکستان میں مالی سال2017-18 میں سب سے زیادہ منافع برطانوی سرمایہ کاروں نے کمایا، 12 ماہ میں50ارب روپے سے زیادہ منافع بیرون ملک بھجوایا۔ چینیوں نے سرمایہ کاری تو سب سے زیادہ کی لیکن منافع کمانے میں پہلے نمبر پر نہیں آئے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری پر منافع کی مد میں سب سے زیادہ رقم برطانیہ بھجوائی گئی، 12ماہ کے دوران برطانوی سرمایہ کاروں نے مجموعی طور پر 45 کروڑ 24 لاکھ ڈالر منافع کی مد میں باہر بھجوائے۔

(جاری ہے)

دوسرے نمبر پر ہالینڈ کے سرمایہ کار رہے، انہوں نے مجموعی طور پر 30 کروڑ 25 لاکھ ڈالر منافع بیرون ملک بھجوایا، امریکی سرمایہ کاروں کو 28 کروڑ 22 لاکھ ڈالر منافع ہوا۔ چینیوں کی طرف سے مالی سال کے دوران پاکستان سے 18 کروڑ 40 لاکھ ڈالر منافع باہر بھجوایا گیا، یو اے ای والوں نے 15 کروڑ 54 لاکھ ڈالر باہر بھجوائے، مالٹا سے سال کے دوران پاکستان میں کوئی نئی سرمایہ کاری نہیں کی گئی۔ تاہم رپورٹ کے مطابق مالٹا کے سرمایہ کاروں نے گزشتہ مالی سال پاکستان سے 12 کروڑ 98 لاکھ ڈالر منافع کی مد میں پاکستان سے باہر بھجوائے۔

متعلقہ عنوان :