سابق بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی حالت تشویشناک

انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل ‘93سالہ واجپائی گردوں کی بیماری میں مبتلا ہیں. ڈاکٹرکی مودی کو بریفینگ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 16 اگست 2018 11:39

سابق بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی حالت تشویشناک
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اگست۔2018ء) بھارت کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی حالت نازک ہے جس کی وجہ سے وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہو گئے. بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کے دو مرتبہ وزیر اعظم بننے والے93 سالہ اٹل بہاری واجپائی کی حالت تشویشناک ہے جس کی بنا پر ہسپتال انتظامیہ نے انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کر دیا ہے.

وہ اس وقت آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں زیر علاج ہیں. ان کی عیادت کے لیے وزیراعظم نریندر مودی ہسپتال پہنچ گئے. مودی نے سابق وزیراعظم کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں سے بات چیت کی اس موقع پرمرکزی وزیر صحت اور خاندانی بہبودجے پی نڈا بھی موجود تھے.

(جاری ہے)

رواں ماہ جون میں انہیں ہسپتال داخل کرایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نےان کی سانس کی نالی میں انفیکشن بتایا ، اس کے ساتھ ہی ان کے گردوں سے متعلق بھی بیماری کی تشخیص کی گئی تھی.

گزشتہ ہفتے، بی جے پی کے صدر امیت شاہ اور یونین کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ بھی ان کی صحت کا حال پوچھنے ہسپتال پہنچے تھے. واضح رہے اٹل بہاری واجپائی نے 1940 میں سیاست میں قدم رکھا تھا، 1942ءکی ”بھارت چھوڑو“ تحریک میں پرجوش حصہ لیا،تحریک کی شدت کو دیکھ کر تحریک کے شرکا کو پکڑا جانے لگا تو یہ بھی گرفتار ہو گئے اور انہیں 24 دنوں کی قید بھگتنی پڑی.

اٹل بہاری واجپائی دو مرتبہ ملک کے وزیر اعظم رہے. پہلی مرتبہ 16 مئی 1996ءسے یکم جون 1996ءیعنی 15 دن کے وزیر اعظم رہے. دوسری مرتبہ 19 مارچ 1998ءسے 22 مئی 2004ءتک وزارتِ عظمیٰ کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں. واجپائی ملک کے صف اول کے سیاسی رہنما کے ساتھ ہندی کے عمدہ شاعر بھی ہیں. سیاسی مصروفیات میں بھی انہوں نے شاعری کو اپنے سینے سے لگائے رکھا. واجپائی جنہیں اعتدال پسند قائد کہا جاتا ہے انہوں نے اپنی شاعری میں بھی اپنے ان جذبات کی ترجمانی کی ہے. اپنے طویل سیاسی سفر میں واجپائی نے وقت کے ہر سلگتے مسئلے پر نظمیں کہی ہیں.