عمررسیدہ خاتون عازم حج کو جوتے پیش کرنے والے سپاہی کو گورنر مکہ کا خراج تحسین

جمعرات 16 اگست 2018 13:42

مکہ مکرمہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) عمررسیدہ خاتون عازم حج کو جوتے پیش کرنے والے سپاہی کو گورنر مکہ کا خراج تحسین پیش کیا ہے۔ سعودی اخبار کے مطابق حج کے موقع پر سعودی عرب کے تمام اداروں اور حج کے امورمیں معانت کرنے والے رضاکاروں کی طرف سے دنیا بھر سے آنے والے اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے لازوال واقعات دیکھنے کو ملتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسا ہی ایک واقعہ میڈیا کی سرخیوں کی زینت اس وقت بنا جب ایک پولیس اہلکارنے اپنے جوتے ایک عمر رسیدہ خاتون عازم حج کو دے کرانسانی ہمدردی اور حجاج کرام کی خدمت کے جذبے کا عملی اظہار کیا۔ ویڈیو دیکھتے ہی مکہ معظمہ کے گورنر اور خادم الحرمین الشریفین کے مشیر خاص شہزادہ خالد الفیصل نے اپنے جوتے عمر رسیدہ خاتون حاجن کو دینے پر پولیس اہلکار کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’مسجد حرام میں اپنے جوتے مدد کے طورپر ایک معمر حاجن کو دینے والے سکیورٹی اہلکار، اس کے خاندان اور اس کی پرورش اور رہ نمائی کرنے والے معاشرے کو ھدیہ تبریک پیش کرتا ہوں۔